Sunday, May 12, 2024

صرف ٹیکس نیٹ بڑھانے سے معیشت ٹھیک نہیں ہوگی، معاشی ماہرین

صرف ٹیکس نیٹ بڑھانے سے معیشت ٹھیک نہیں ہوگی، معاشی ماہرین
September 12, 2019
لاہور(روزنامہ 92 نیوز)ملکی حالات پر معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ حکومت کا خیال ہے ٹیکس نیٹ بڑھانے سے معیشت ٹھیک ہو جائے گی لیکن ایسا نہیں ، اس کے ساتھ ساتھ اور بھی اقداما ت کرنا ہوں گے ،معیشت میں بہتری صرف اس حد تک آ ئی ہے کہ درآمدات، برآمدات میں عدم توازن کچھ بہتر ہوا۔ روز نامہ 92 نیوز فورم سے گفتگو کرتے ہوئے  معروف معاشی ماہر ڈاکٹر قیس اسلم نے کہا ہمیں اپنی انڈسٹری پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ، جب تک نئی انڈسٹری نہیں لگے گی، روزگار کے مواقع بڑھیں گے نہ ہی گروتھ ٹھیک ہو گی۔ انہوں نے کہا حکومت کی جانب سے زراعت کی گروتھ پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی، بارشیں ہو گئیں تو فصلیں بہتر ورنہ فصلیں کم ، زراعت کیلئے کوئی بھی عملی کام نہیں کیا جا رہا ۔ انہوں نے کہا حکومت نے بے شک پرانے قرضے واپس کئے ہیں لیکن دوسری جانب انہوں نے نئے قرضے بھی لے لئے ہیں، اب دیکھنا یہ ہے کہ بجٹ خسارہ کتنا کم کرنے میں حکومت کامیاب ہوتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا خیال ہے کہ ٹیکس اکٹھا کرنے سے معیشت چل جاتی ہے لیکن یہ ان کی غلط فہمی ہے ، ٹیکس اکٹھا کرنے سے کبھی معیشت نہیں چلتی، معیشت کو بہتر کرنے کیلئے ابھی تک حکومت نے کوئی شارٹ ٹرم اور نہ ہی لانگ ٹرم پلاننگ کی ہے ۔ معروف معاشی ماہر ڈاکٹر پرویز طاہر نے کہا پاکستان کی معاشی صورتحال جوں کی توں ہے ، اس میں ابھی تک کوئی بہتری آ ئی نہ ہی آ نے کا کوئی امکان نظر آ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا معیشت کی بہتری کیلئے جو کام کرنے والے ہیں، وہ کام کئے نہیں جا رہے جب تک عملی کام نہیں کئے جائیں گے ، معیشت کیسے بہتر ہو سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا حکومت نے کاروباری حضرات کو ڈرا کر رکھا ہوا ہے ، اس لئے وہ کاروبار کر رہے ہیں نہ ہی کہیں اور پیسہ لگا رہے ہیں ۔ معروف تجزیہ کار حسن عسکری نے کہا پاکستان کی معیشت میں صرف اتنا فرق پڑا ہے کہ پاکستان کی درآمدات اور برآمدات میں جو عدم توازن آ یا تھا، اس میں کمی آ ئی ہے ، عام آ دمی کیلئے حالات خراب سے خراب تر ہو تے جارہے ہیں،جو بڑے سرمایہ دار موجود ہیں، وہ بھی خاموش ہو کر بیٹھ گئے ہیں اور موجودہ حالات میں پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا حکومت نے جو اقدامات کئے ہیں اور کر رہی ہے ، اس کو دیکھتے ہوئے یہی لگ رہا ہے کہ مستقبل قریب میں معیشت کی بہتری کا کوئی امکان نہیں۔