Monday, September 16, 2024

'صرف عمرہ زائرین اور معتمرین کے لیے آپریشن بحال کیا '

'صرف عمرہ زائرین اور معتمرین کے لیے آپریشن بحال کیا '
February 9, 2016
لاہور (92نیوز) پی آئی اے کی نجکاری کےخلاف جوائنٹ ایکشن کمیٹی کاآج بھی احتجاج۔ فلائٹ آپریشن پھر معطل ہو کر رہ گیا۔ آج کئی پروازیں اڑان نہ بھر سکیں جبکہ متعدد کا شیڈول متاثر ہوا۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے رہنماو¿ں کا کہنا ہے کہ صرف عمرہ زائرین اور معتمرین کے لئے آپریشن بحال کیا گیا ہے لیکن دیگر کوئی پرواز اڑنے نہیں دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن ایک دن بعد ہی پھر معطل ہو کر رہ گیا۔ جوائنٹ ایکشن کمیشن نے دفاتر کی تالہ بندی کرا دی۔ لاہور سے رات بارہ بجے کے بعد سے عمرہ فلائٹس اور ایک دبئی کی پرواز کے علاوہ کوئی بھی پرواز اڑان نہ بھر سکی۔ یوں مسافروں کی مشکلات ختم نہ ہو سکیں۔ پی آئی اے عملے کی اکثریت آج بھی دفتروں میں حاضر نہ ہوئی۔ دوسری جانب پی آئی اے انتظامیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ بعض دفاتر میں تالہ بندی ختم کرا دی ہے۔ عملہ کم ہے لیکن ایئر پورٹس فعال ہیں۔ ادھر ترجمان جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے ایک مرتبہ پھر فلائٹ آپریشن مکمل معطل کرنے کی دھمکی دی ہے۔ ترجمان کے مطابق اب کوئی طیارہ اڑنے نہیں دیں گے۔ عمرہ زائرین کی پریشانی کو جانتے ہوئے ایک پرواز کو جانے کی اجازت دی ہے جبکہ سعودی عرب سے معتمرین کو واپس لانے والی فلائٹس بھی لینڈ ہو رہی ہیں۔ اس آپریشن کے لئے صرف ایک طیارہ استعمال ہو رہا ہے۔ فلائٹ آپریشن بند ہونے سے مسافر شدید ذہنی کرب میں مبتلا ہیں تاہم پی آئی اے بحران ختم ہونے کا نام نہیں لے رہا۔