Sunday, September 8, 2024

صرف تین ملی میٹر بارش سے شہر قائد کی سڑکیں بیٹھ گئیں‘ رین ایمرجنسی نافذ

صرف تین ملی میٹر بارش سے شہر قائد کی سڑکیں بیٹھ گئیں‘ رین ایمرجنسی نافذ
January 19, 2016
کراچی (92نیوز) کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز ہواو¿ں کے ساتھ موسلا دھار بارش نے شہر قائد کے موسم کو خوشگواراور سردی میں اضافہ کر دیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش غیرمتوقع ہے۔ سردی کی شدت میں کچھ خاص اضافے کا امکان نہیں۔ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے شہر میں رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں موسم اچانک بدل گیا۔ یکایک گرد آلود ہوائیں چلنے لگیں۔ پھر بادلوں کو بھی رحم آیا اوررم جھم ہونے لگی۔ دیکھتے ہی دیکھتے ہی پھوار موسلادھار ہوگئی اور گرج چمک ہونے لگی۔ گلشن اقبال‘ ایئر پورٹ‘ ملیر‘ قیوم آباد‘ اورنگی ٹاون‘ صدر‘ گارڈن‘ آئی آئی چندریگر روڈ‘ کورنگی‘ نارتھ ناظم آباد‘ نارتھ کراچی‘ نیوکراچی‘ سرجانی سمیت دیگر علاقوں میں تیز بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات پہلے تو بارش سے لاعلم رہا بعد میں بتایا کہ غیر متوقع بارش ہوئی ہے جو رات بھر جاری رہے گی۔ ٹھنڈی ہوائیں بھی چلیں گی مگر سردی شدید ہونے کا امکان نہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ تین ملی میٹر بارش ائیر پورٹ کے علاقے میں ہوئی۔ بارش کے ساتھ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی مہربانی سے سڑکوں پر صورت حال مزید بدتر ہوگئی۔ کئی علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا اور سڑکیں بیٹھ گئیں۔ دوسری جانب بارش کے ساتھ ہی شہر کے کچھ علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی۔