Friday, May 10, 2024

صدی کا طاقتور ترین طوفان کیرا برطانیہ سے ٹکرا گیا

صدی کا طاقتور ترین طوفان کیرا برطانیہ سے ٹکرا گیا
February 9, 2020
لندن ( 92 نیوز) صدی کا طاقتور ترین طوفان کیرا برطانیہ سے ٹکرا گیا ، سمندر کی بپھری لہروں، تیز ہواؤں اور موسلادھار بارشوں نے تباہی مچادی، سیکڑوں پروازیں منسوخ کردی گئیں، دریاؤں میں طغیانی آنے سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے ، ملک بھر میں سیلاب کی دو سو پچاس سے زائد وارننگرز جاری کردی گئیں۔ طاقتور طوفان کیرا برطانیہ کے ساحلی علاقے یارکشائر سے ٹکرا گیا جس کے بعد ملک بھر کو موسلادھار بارشوں نے لپیٹ میں لے لیا۔ ایک جانب سمندر کی بپھری لہریں تباہی مچارہیں تو دوسری جانب تیز ہواؤں کے ساتھ ہونے والی بارش نے ہر شے کو تہس نہس کرڈالا، درجنوں درخت جڑوں سے اکھڑ گئے جبکہ بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا۔ مسلسل بارشوں کی وجہ سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے، متعدد دریاؤں میں طغیانی آچکی ہے جس کی وجہ سے ملک بھر میں سیلاب کی ڈھائی سو سے زائد وارننگز جاری کی گئی ہیں۔ شمالی آئرلینڈ، سکاٹ لینڈ، شمالی انگلینڈ اور ویلز میں خراب موسم کے باعث جہاں سیکڑوں پروازیں منسوخ کی گئیں، وہیں ٹرین اور فیری سروس بھی شدید متاثر ہوئی ہے۔ کیرا کو صدی کا بدترین طوفان کہا جارہا ہے جس کی وجہ سے برطانیہ بھر کیلئے موسم کی ییلو وارننگ جاری کی گئی ہے، حکام نے شہریوں کو سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے۔