Friday, March 29, 2024

صدراوروزیراعظم سے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف  کمیٹی کی ملاقات ، اہم امور پر تبادلہ خیال

صدراوروزیراعظم سے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف  کمیٹی کی ملاقات ، اہم امور پر تبادلہ خیال
November 29, 2016

 اسلام آباد(92نیوز)صدر اور وزیراعظم سے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیرمحمود حیات نے ملاقات کی ہے ،  دونوں نے ذمہ داریاں سنبھالنے پر جنرل زبیر محمود حیات کو مبارکباد دی۔ صدرممنون حسین کہتے ہیں آپریشن ضرب عضب سے دہشتگردی پر قابو پانے میں مدد ملی۔

تفصیلات کےمطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ انہوں نے ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد صدر ممنون حسین اور وزیراعظم میاں نوازشریف سے الگ الگ ملاقات کی۔ صدر اور وزیراعظم نے ذمہ داریاں سنبھالنے پر انہیں مبارکباد دی اور اس امید کااظہار کیا کہ ملک ان کے تجربے اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں سے فائدہ اٹھائے گا۔ صدر مملکت نے پاکستان کی مسلح افواج کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپریشن ضربِ عضب سے دہشت گردی پر قابو پانے میں مدد ملی اور ملک میں امن وامان قائم ہوا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اپنے مادرِوطن کی حفاظت کےلئے پوری طرح تیار ہے۔ وزیراعظم نوازشریف اور جنرل زبیرمحمود حیات کے درمیان ملاقات میں پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔