Thursday, April 25, 2024

صدر کی تنخواہ میں کمی ، اپوزیشن لیڈر کو بھی رگڑا لگ گیا

صدر کی تنخواہ میں کمی ، اپوزیشن لیڈر کو بھی رگڑا لگ گیا
June 12, 2019
اسلام آباد (  92 نیوز) حکومت نے صدر مملکت کے صوابدیدی فنڈز کو کم کر کے ایک ہزار روپے کر دیا ، تنخواہ بھی 2لاکھ 28ہزار روپے کم کر دی ۔ صدر مملکت کو تحائف اور خیرات کی مد میں پندرہ لاکھ روپے کے فنڈز ملتے تھے جو کم کر کے ایک ہزار روپے کر دیے گئے ہیں ۔ اسی طرح صدر مملکت کی تنخواہ کی مد میں گزشتہ سال 1کروڑ 9لاکھ 87ہزار روپے رکھے گئے تھے اس سال اس میں 2لاکھ 28ہزارروپے کم کر دیئے گئے ہیں اور ایک کروڑ 7لاکھ 59ہزار روپے مختص کئے گئے ہیں ۔ صدر مملکت کو 2لاکھ روپے صوابدیدی فنڈ ملتا تھا جو کم کر کے ایک ہزار روپے کر دیا گیا ہے ۔ اخراجات کی کمی کے معاملے میں حکومتی زعما کے ساتھ قائدحزب اختلاف کو بھی رگڑا لگ گیا۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کے صوبدایدی فنڈ کی مد میں رقم 6 لاکھ روپے سے کم کر کے ایک ہزار روپے کر دی گئی۔ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کی صوابدیدی گرانٹ 10لاکھ سے کم کر کے ایک ہزار روپے کر دی گئی ہے  ،  ارکان اسمبلی کی تنخواہوں کی مد میں رقم ایک ارب 82کروڑ 33لاکھ 77ہزار روپے سے بڑھ کر 1ارب 99کروڑ 49لاکھ روپے ہوگئی ہے ۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے ذرائع کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران انتخابات کے باعث 11 ماہ کی تنخواہ کیلئے رقم مختص کی گئی تھی جو اس سال بارہ ماہ کیلئے رکھی گئی ہے   اسلئے تنخواہوں کی مد میں اخراجات میں اضافہ ہو اہے ۔ کشمیر کمیٹی کیلئے سات کروڑ 80لاکھ 42ہزار روپے رکھے گئے ہیں ، چیئرمین  سینٹ او رڈپٹی چیئرمین سینٹ کی بھی صوابدیدی گرانٹ بھی کم کر دی گئی ہے جو 12لاکھ سے کم کر کے 1ہزار روپے کی گئی ہے ۔