Friday, May 10, 2024

صدر ، وزیر اعظم کا سانحہ اے پی ایس کے شہداء کو خراج عقیدت

صدر ، وزیر اعظم کا سانحہ اے پی ایس کے شہداء کو خراج عقیدت
December 16, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سمیت سیاسی رہنماؤں نے سانحہ اے پی ایس کے شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کیاہے ، وزیراعظم عمران خان کا کہناہے کہ معصوم بچوں کے خون نے قوم کو ہر طرح کی انتہا پسندی، دہشت گردی، تشدد اورنفرت کے خلاف متحدکیا، عسکریت پسندنظریے کو ملک و قوم کویرغمال نہیں بنانے دیں گے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ اے پی ایس کے ننھے فرشتوں اور اساتذہ کے قتل عام کو قوم کبھی فراموش نہیں کر سکتی، عہد کرتے ہیں ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی اور انتہا پسندی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔ وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ معصوموں کے خون نے قوم کو ہر طرح کی انتہا پسندی،دہشت گردی،تشدداورنفرت کے خلاف متحدکیا، مسلح افواج،پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، عسکریت پسندنظریے کو ملک و قوم کویرغمال نہیں بنانے دیں گے۔ چیرمین سینٹ صادق سنجرانی نے اپنے پیغام میں کہا کہ انتہا پسندی و دہشتگردی درحقیقت امن و ترقی کے دشمن ہیں، خدا پاکستان کو ایسے شر پسند عناصر اور دہشتگردی سے محفوظ رکھے، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ننھے شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جنگ جاری رکھی جائے گی۔ وزیر داخلہ اعجاز شاہ، وزیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان، وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری، گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان، وزیراعلیٰ کے پی محمود خان، گورنر پنجاب چودھری محمد سرور، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان سمیت حکومتی رہنماؤں نے سانحہ اے پی ایس کے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج، پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت پوری قوم کو دہشت گردی کے خلاف عظیم قربانیوں پر سلام پیش کرتے ہیں۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ سانحہ آرمی پبلک اسکول کے معاملے میں انصاف نہ ہونا ریاست کی ناکامی ہے، دہشت گردی میں اپنے پیاروں کو کھونے والوں کے ساتھ ہیں۔