Thursday, April 25, 2024

صدر نے فیصل مسجد، وزیراعظم نے بنی گالہ میں نماز عید ادا کی ‏

صدر نے فیصل مسجد، وزیراعظم نے بنی گالہ میں نماز عید ادا کی ‏
August 12, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے  نماز عید اسلام آباد کی فیصل مسجد  جبکہ وزیر اعظم عمران خان نے  نماز عید بنی گالہ میں ادا کی ۔ صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے فیصل مسجد اور وزیراعظم عمران خان نے بنی گالہ میں نماز عید ادا کی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ایک ساتھ مظفر آباد میں نماز عید ادا کی۔ سیاسی قائدین نے عید کے موقع پر کشمیریوں سے بھرپور اظہار یکجہتی کیا اور ایک ساتھ ایک آواز کے ساتھ نہ صرف کشمیریوں بھائیوں کو ساتھ نبھانے آعادہ کیا بلکہ بھارتی حکومت کو واضح پیغام بھی دیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے فیصل مسجد میں نماز عید ادا کی، اپنے پیغام میں صدر مملکت کا کہنا تھا کہ  کشمیری اپنے حق خودارادیت کے لئے بے پناہ قربانیاں دے رہے ہیں، پاکستانی قوم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہمیشہ ان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی امداد کرتی رہے گی۔ وزیراعظم عمران خان نے بنی گالا میں نماز عید ادا کی۔ وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ قربانی کے جذبے کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کرسکتی،پاکستان معاشی اور معاشرتی مشکلات کے دور سے گزر رہا ہے،قوم کو اقتصادی بحالی کی حکومتی کوششوں میں تعاون کرنا ہوگا، دعاہے عوام کی زندگی میں خوشیوں کے مواقع بار بار آتے رہیں۔ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے عید مظفر آباد میں پڑھی۔ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ آخری سانس تک کشمیریوں کیلئے جدوجہد کرتے رہیں گے ۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کوئٹہ اور سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بھی فیصل مسجد میں عید پڑھی۔ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف ماڈل ٹاؤن لاہور اور گورنر و وزیراعلیٰ پنجاب نے بادشاہی مسجد میں عید کی نماز ادا کی۔ وزیراعلی بلوچستان جام کمال،گورنر بلوچستان امان اللہ یاسین زئی،اراکین اسمبلی نے وزیراعلی ہاوس میں نماز عیدالاضحی ادا کی۔ وزیر اعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے کمشنرہاؤس میں واقع یوسف مسجدمیں نماز عید ادا کی ۔  امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے منصورہ لاہور میں نماز عید ادا کی۔ سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے ملتان،  پیپلز پارٹی رہنما خورشید شاہ نے سکھر اور مولابخش چانڈیو نے حیدر آباد میں نماز عید ادا کی۔