Thursday, April 25, 2024

صدر ن لیگی لاہور پرویز ملک انتقال کرگئے

صدر ن لیگی لاہور پرویز ملک انتقال کرگئے
October 11, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) مسلم لیگ ن لاہور کے صدر پرویز ملک انتقال کر گئے۔ وہ گذشتہ طویل عرصہ سے علیل تھے۔ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے پرویز ملک کے انتقال پر رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا۔

ملک پرویز اٹھارہ نومبر1947 کو لاہور میں پیدا ہوئے، وہ پانچ مرتبہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔ 1997 میں این اے 95 لاہور سے کامیابی حاصل کی۔ 2002 میں این اے 120 سے فتح ان کا مقدرٹھہری۔

2010 کے ضمنی الیکشن میں این اے 123 سے جیتے، 2013 میں بھی این اے 123 سے وہ عوام کی نظرانتخاب میں آئے۔ 2018 کے الیکشن میں بھی وہ ایم این اے منتخب ہوئے۔ 4 اگست 2017 سے 31 مئی 2018 تک وفاقی وزیر برائے تجارت وٹیکسٹائل بھی رہے۔

پرویز ملک کے انتقال کے باعث مسلم لیگ ن پنجاب کا اجلاس ملتوی کر دیا گیا، مسلم لیگ ن لاہور نے بھی آج تمام سیاسی تقریبات معطل کر دیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے پارٹی کے سینئر رہنما پرویز ملک کے انتقال پر رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا پارٹی آج ایک نہایت قابل، وفادار، بہادر، مخلص رہنما اور نہایت اچھے انسان سے محروم ہو گئی ہے۔

مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماء پرویز ملک این اے 133 لاہور سے رکن قومی اسمبلی تھے۔