Tuesday, May 7, 2024

صدر منتخب ہونے کے بعد سب کو ساتھ لے کر چلوں گا ، عارف علوی

صدر منتخب ہونے کے بعد سب کو ساتھ لے کر چلوں گا ، عارف علوی
September 4, 2018
اسلام آباد (92 نیوز)تحریک انصاف کے صدارتی امیدوار ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ صدر منتخب ہونے کے بعد سب کو ساتھ لے کر چلوں گا۔ تحریک انصاف کی جانب سے اتحادی اراکین کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا جس میں اختر مینگل ، شیخ رشید ،مسلم لیگ ق اور بلوچستان عوامی پارٹی کی قیادت بھی شریک ہوئی۔ عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ انہیں بہت بڑے عہدے کے لیے نامزد کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا اور بلوچستان سمیت ملک کے ہر پسماندہ علاقے کو اہمیت دیں گے۔ ڈاکٹرعارف علوی نے تمام اتحادی اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ منزل عہدہ نہیں بلکہ پاکستان کی ترقی ہے، وزیراعظم عمران خان مسائل حل کرنا جانتے ہیں ہم سب  ملکر ملک کی تقدیر بدلیں گے۔ صدارتی امیدوار ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ صدر اگر کام کرنا چاہے توآئینی دائرہ کار بہت وسیع ہے۔ دوسری طرف پی ٹی آئی کے صدارتی امیدوار عارف علوی نے بھاری اکثریت سے جیتنے کا دعویٰ کر دیا۔ پشاور میں وزیر اعلٰی ہائوس میں میڈیا سے گفتگو میں عارف علوی نے کہا کہ ہم بھاری اکثریت سے صدارتی انتخاب میں کامیاب ہوں گے، کرپشن ختم کرنے کی تیاری شروع ہوچکی ہے۔ عارف علوی نے کہا کہ عمران خان کا مشکور ہوں کہ بہت بڑی ذمہ داری سونپی ہے ، مختلف صوبوں کے دوروں کا مقصد بلوچستان جیسے صوبے کی احساس محرومی دور کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں پرویزخٹک صاحب نے کام کر کے دکھایا، کے پی تبدیلی نظر آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکمران نہیں خدمت گار ہیں ، خیبرپختونخوا والی تبدیلی سندھ اور بلوچستان میں بھی آئے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ایک کروڑ نوکریوں اور پچاس لاکھ گھروں کے وژن پر بھی کام جاری ہے۔