Friday, April 26, 2024

صدر ممنون حسین آج پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرینگے

صدر ممنون حسین آج پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرینگے
June 1, 2016
اسلام آباد(92نیوز)پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس  آج ہوگا۔جس سے صدرممنون حسین خطاب کریں گے،، نواز دور حکومت میں پہلی مرتبہ  صدر مملکت کا چوتھا خطاب ہوگا، پہلی مرتبہ وزیراعظم ایوان میں  نہیں ہوں گے۔ تفصیلات کےمطابق پارلیمنٹ ہاوس میں ہونے والے مشترکہ اجلاس کا مرکزی ایجنڈا صدر مملکت ممنون  حسین کا خطاب ہے،،ذرائع کہتے ہیں کہ  خطاب 40 سے 45 منٹ پر محیط ہو گا، حکومتی کارکردگی،دہشت گردی آپریشن ضرب عضب اور اس کے نتائج سمیت کرپشن اور بلا امتیاز احتساب پر بات ہو گی،خارجہ پالیسی، ہمسائیوں اور اسلامی ممالک کے ساتھ تعلقات بھی صدر مملکت کے خطاب کے ایجنڈے میں شامل ہیں،صدر مملکت پاک چائنہ اقتصادی راہداری، معاشی صورتحال، حکومتی کارکردگی،، خواتین کو ورک فورس کا حصہ بنانےاور  پاپولیشن پلاننگ کے نکات کا بھی احاطہ کیا جائے گا، ذرائع کے مطابق پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ایک سے ڈیڑھ گھنٹہ تک جاری رہے گا،جس میں مسلح افواج کے سربراہان اور پاکستان میں تعینات مختلف ممالک کے سفیر اور سفارتی شخصیات بھی شرکت کریں گی،اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق معزز مہمانوں کے اعزاز میں استقبالیہ دیں گے ملکی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہو گا کہ صدر پاکستان کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے دوران وزیر اعظم ایوان میں موجود نہیں ہوں گے۔نواز شریف کے دور حکومت میں سربراہ مملکت کا پہلی بار چوتھا خطاب ہو گا، موجودہ حکومت کے پہلے پارلیمانی سال کے موقع پر سابق صدرآصف زرداری نے  خطاب کیا تھا، جس کے بعد صدر ممنوں حسین کا یہ مسلسل تیسرا خطاب ہو گا، پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کی روایت سابق صدر ضیاء الحق کے 1985 میں پارلیمنٹ سے خطاب کے بعد شروع ہوئی تھی۔