Thursday, May 9, 2024

صدر مملکت کی لاہور آمد، گورنر پنجاب نے کورونا متاثرین کو ریلیف بارے آگاہ کیا

صدر مملکت کی لاہور آمد، گورنر پنجاب نے کورونا متاثرین کو ریلیف بارے آگاہ کیا
April 8, 2020

لاہور ( 92 نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی  لاہور پہنچے جہاں  گورنر پنجاب نے ان سے ملاقات کی ، چودھری سرور نے صدر مملکت کو کورونا متاثرین کی ریلیف پہنچانے سے متعلق اقدامات سے آگاہ کیا۔صدر عارف علوی نے  کورونا کرائسز مینجمنٹ سیل کا بھی دورہ  کیا ،  حکام نے ادارے کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی ۔

صدر مملکت یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز بھی گئے جہں انہوں نے    کورونا ٹیلی میڈیسن سنٹر کا دورہ  کیا ،  گورنر پنجاب نے میڈیکل یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کو میرے سٹار وائس چانسلر کہہ کر متعارف کرایا ۔ وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر جاوید اکرم نے کورونا کے حوالے سے اب تک کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دی ۔

صدر مملکت عارف علویٰ کی زیر صدارت اجلاس  ہوا جس میں   وی سی کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل ،  وی سی فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر عامر زمان خان ،  جسٹس ریٹائرڈ تصدق حسین جیلانی، ڈاکٹر شہلا جاوید اکرم ، ڈاکٹر اللہ رکھا، ڈاکٹر ہمایوں تیمور، ڈاکٹر خرم شہزاد  و دیگر نے شرکت کی ۔

اس موقع پر پروفیسر جاوید اکرم  کا کہنا تھا کہ  کورونا کے خلاف پوری میڈیکل کمیونٹی جنگ لڑ رہی ہے،  چیلنج بہت بڑا ہے لیکن ہم بہت پرامید ہیں،  ہم کورونا کی ویکسین کی تیاری  پر کام کر رہے ہیں۔

 کورونا وائرس پر ریسرچ کے حوالے سے یو ایچ ایس اور گیٹس فارما کے مابین  معاہدہ پر دستخط بھی ہوئے ۔