Wednesday, April 24, 2024

صدر مملکت نے آج خود ڈرون بن کر اپوزیشن پر حملہ کیا : خورشید شاہ

صدر مملکت نے آج خود ڈرون بن کر اپوزیشن پر حملہ کیا : خورشید شاہ
June 1, 2016

اسلام آباد (92نیوز) اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے صدر مملکت نے اپنے خطاب میں اپوزیشن پر ڈرون حملہ کیا۔ بجلی کی لوڈشیڈنگ صرف ایوان صدر میں ختم ہوئی ہے۔ پانامہ لیکس پر پارلیمانی کمیٹی کا ڈیڈلاک ختم نہ ہوا تو سیاست سڑکوں پر آجائے گی۔

تفصیلات کے مطابق صدارتی خطاب کے بعد میڈیا سے گفتگو میں خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ صدر نے پاناما لیکس اور ڈرون حملوں پر کوئی بات نہیں کی۔ صدر نے جن منصوبوں کا ذکر کیا ان کی تردید بھی کرتے گئے۔ پہلی بار صدارتی خطاب کے دوران حکومتی اراکین کی اتنی کم حاضری دیکھی۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ اسپیکر قومی اسمبلی سے ٹی او آرز کے ڈیڈ لاک پر بات کریں گے۔ ڈیڈ لاک ختم ہونا حکومت کے مفاد میں ہے۔ چاہتے ہیں کہ پاناما لیکس پر دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو۔ جنہوں نے قرضے لیے اور معاف کرائے وہ سب کے سامنے ہے۔

خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ صدر ممنون حسین نے اپنے خطاب میں لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا۔ حقیقت یہ ہے کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ صرف ایوان صدر میں ختم ہوئی ہے۔ مطالبہ کریں گے کہ آئندہ صدارتی خطاب میں اپوزیشن کی رائے بھی لی جائے۔