Sunday, September 8, 2024

صدر مملکت ممنون حسین کی اردن کیلئے پاکستان کے نامزد سفیر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ شفاعت اللہ شاہ سے ملاقات

صدر مملکت ممنون حسین کی اردن کیلئے پاکستان کے نامزد سفیر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ شفاعت اللہ شاہ سے ملاقات
August 22, 2015
اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اُردن سمیت مشرق وسطیٰ کے تمام ملکوں سے اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ پاکستان اور اردن کے قریبی اور برادرانہ تعلقات ہیں جو عقیدے، ثقافت اور تاریخ میں جڑے ہوئے ہیں۔ یہ بات صدر مملکت ممنون حسین نے اردن کے لیے پاکستان کے نامزد سفیر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ شفاعت اللہ شاہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے صدر مملکت سے ایوان صدر اسلام آباد میں ملاقات کی۔ صدر مملکت ممنون حسین نے نامزد سفیر کو نئی سفارتی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور اُمید ظاہر کی کہ ان کے عہد سفارتکاری میں دونوں ملکوں کے تعلقات نئی جہد کو چھوئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اُردن کے ساتھ تمام شعبوں خصوصاً دفاع کے شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہشمند ہے۔ صدر مملکت نے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کا حجم بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا اس مقصد کے لیے تجارتی وفود کے تبادلے مؤثر ثابت ہو سکتے ہیں۔ صدر مملکت نے نامزد سفیر پر زور دیا کہ وہ معتدل اور ترقی پسند، ذمہ دار اور ترقی پر مبنی ملک کے طور پر پاکستان کی تصویر پیش کرنے کے لیے کوششیں کریں۔