Friday, May 17, 2024

صدر مملکت عارف علوی کی مزار قائد پر حاضری، گارڈ آف آنر پیش کیا گیا

صدر مملکت عارف علوی کی مزار قائد پر حاضری، گارڈ آف آنر پیش کیا گیا
September 15, 2018
کراچی (92 نیوز) صدر مملکت عارف علوی کی مزار قائد پر حاضری ہوئی۔ صدر مملکت کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ صدر مملکت مزار قائد پر حاضری کے لیے پہنچے تو گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیر بلدیات سعید غنی ان کے ہمراہ تھے۔ صدر نے مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ صدر مملکت پائلٹ سمیت پروٹوکول کی بارہ گاڑیوں کے قافلے میں مزار قائد پہنچے، مزار قائد پر تین سو سے زائد پولیس اور رینجرز کے جوان تعینات رہے۔ صدر کی آمد کے موقع پر سڑکوں کو بند کر کے ٹریفک روک دی گئی تھی جس سے شہریوں کومشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ صدر مملکت مزار قائد پر حاضری کے بعد روانہ ہوئے تو ایک بار پھر سڑکیں بند کی گئیں ، جس سے عام شہریوں کو سخت پریشانی سے دو چار ہونا پڑا۔ اس سے پہلے صدر مملکت بغیر پوٹوکول کے اسلام آباد سے عام پرواز کے ذریعے کراچی پہنچے تھے۔ اپنا سامان خود اٹھایا اور خود اسکین کرایا۔ لائن میں لگ کر بورڈنگ پاس بھی وصول کیا۔ ائیرپورٹ پر مسافروں کی صدر کے ساتھ سیلفیاں بھی بنیں۔ لیکن ایئرپورٹ سے اپنی رہائشگاہ تک انہیں درجنوں گاڑیوں کے پروٹوکول میں پہنچایا گیا تھا جس پر صدر نے ٹویٹ کرکے  ناگواری کا اظہار کیا تھا۔