Thursday, March 28, 2024

صدر عارف علوی نے دبئی ایکسپو میں پاکستانی پویلین کا افتتاح کردیا

صدر عارف علوی نے دبئی ایکسپو میں پاکستانی پویلین کا افتتاح کردیا
October 9, 2021 ویب ڈیسک

دبئی (92 نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دبئی ایکسپو میں پاکستانی پویلین کا افتتاح کردیا۔ پاکستانی پویلین کے مختلف حصے بھی دیکھے۔

سرمایہ کاری کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں، حکومت سرمایہ کاروں کو ون ونڈو آپریشن کے تحت سہولیات فراہم کررہی ہے۔ حکومت نے بزنس کمیونٹی کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے۔

اُن کا کہنا تھا پاکستان میں سیاحت کو فروغ دیا جارہا ہے، پاکستانی آئی ٹی برآمدات میں 50 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ حکومت ڈیجیٹلائزیشن کی طرف بڑھ رہی ہے، ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے لوگوں کو بااختیار بنایا جا رہا ہے۔

اُنہوں نے کہا حکومت کی کوویڈ 19 سے نمٹنے کی اسمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی کامیاب رہی۔ سرمایہ کار سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔

صدر عارف علوی نے کہا حکومت نئے دور کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار ہے۔ پاکستانی یونیورسٹیز بہترین آئی ٹی گریجوایٹس، ڈاکٹرز اور انجنئیرز پیدا کررہی ہیں۔  بزنس کمیونٹی کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے خوش آمدید کہتے ہیں۔

اس سے قبل صدر عارف علوی کے 2 روزہ دورے پر دبئی پہنچنے پر متحدہ عرب امارات کے وزیرِ اِنصاف، عبداللہ بن سلطان بن عواد النعیمی، اور پاکستانی سفیر افضال محمود نے ایئر پورٹ پر صدر مملکت کا استقبال کیا۔ صدر عارف علوی متحدہ عرب امارات کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات بھی کریں گے۔