Saturday, April 20, 2024

صدر عارف علوی اور گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کراچی میں نمازِ عید ادا کی

صدر عارف علوی اور گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کراچی میں نمازِ عید ادا کی
May 13, 2021

کراچی (92 نیوز) کراچی سمیت سندھ بھر میں عید الفطر کے ہزاروں اجتماعات ہوئے، لاکھوں کی تعداد میں شہریوں نے نمازِعید ادا کی۔ عارف علوی اور گورنر سندھ عمران اسماعیل نے گورنر ہاؤس میں نماز عید الفطر ادا کی۔

کراچی سمیت ملک بھر میں نمازعیدالفطر کے ہزاروں اجتماعات ہوئے۔ کراچی میں عید کی پہلی نماز سبیل والی مسجد میں ادا کی گئی۔

ناظم آباد عیدگاہ گراونڈ، بنوری مسجد اور میمن مسجد سمیت کئی مقامات پر نمازِعید کے بڑے اجتماعات ہوئے۔ لاکھوں شہریوں نے نمازِعید الفطرادا کی۔ ملکی سلامتی اور فلسطینی بھائیوں کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

صدر پاکستان عارف علوی اور گورنر سندھ عمران اسماعیل نے گورنر ہاؤس میں نماز عید الفطر ادا کی۔ کورونا وباء کے پیش نظر ایس او پیز پر مکمل عمل کیا گیا۔

صدرمملکت نےعوام کو پیغام دیا کہ اپنی اور اپنے عزیز و اقارب اور دوست احباب کی حفاظت کے لیے عید سادگی اور اپنے گھروں میں منائیں اور کورونا سے بچاؤ کی ایس اوپیز پر مکمل عمل کریں۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نوڈیرو میں نماز عید ادا کی۔ نماز میں سماجی فاصلوں کو برقرار رکھا گیا۔ بلاول نے ظلم و جبر کے سائے میں عید منانے والے کشمیراورفلسطینی مسلمانوں کی آزادی کیلئے دعا کی۔

حیدرآباد میں بھی عیدالفطر کے سیکڑوں چھوٹے بڑے اجتماعات ہوئے۔ شہریوں نے نماز عید ادا کی اور ملک اور عالم اسلام کے لئے دعائیں کی گئیں۔

سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی نماز عید کے ہزاروں چھوٹے بڑے اجتماعات ہوئے، جہاں شہریوں نےعید کی نماز ادا کی اور ایک دوسرے کو عید کی مبارک باد پیش کی۔