Sunday, September 8, 2024

صدر اوباما پاک امریکہ تتعلقات نئی بلندیوں تک لے جانا چاہتے ہیں، دہشتگردی کیخلاف کامیابیوں پر مبارکباد دی: وزیراعظم نوازشریف کی نیوز کانفرنس

صدر اوباما پاک امریکہ تتعلقات نئی بلندیوں تک لے جانا چاہتے ہیں، دہشتگردی کیخلاف کامیابیوں پر مبارکباد دی: وزیراعظم نوازشریف کی نیوز کانفرنس
October 23, 2015
واشنگٹن (نائنٹی ٹو نیوز) وزیراعظم میاں محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ صدر اوباما پاکستان اور امریکا کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانا چاہتے ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے کشمیر سمیت تمام مسائل کا حل ضروری ہے۔ پاکستان میں جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ امریکی صدر براک اوباما سے ملاقات کے بعد وزیراعظم نوازشریف نے واشنگٹن  میں نیوز کانفرنس کی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ صدر اوباما نے پاکستان میں ترقی اور دہشت گردی کے خلاف کامیابیوں پر مبارکباد دی۔ پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات میں بہتری آئی ہے۔ کانگریس میں پاکستان کے خلاف اٹھنے والی آوازوں پر گھبرانے کی ضرورت نہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ صدر اوباما سے ملاقات میں کشمیر پر بھی بات ہوئی اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے کشمیر سمیت متنازع مسائل کا حل ضروری ہے۔ نوازشریف کا کہنا تھا کہ کشمیر کو سب فلیش پوائنٹ مانتے ہیں۔ امریکی وزیر خارجہ کو بھارت کے حوالے سے ڈوزیئر بھی دیا۔ افغانستان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ افغان صدر اشرف غنی کی درخواست پر طالبان کو براہ راست مذاکرات  کی میز پر بٹھایا۔ ملاعمر کی موت کی خبر دو سال بعد کون اور کیوں سامنے لایا اس پر حیرانی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات کے لیے پھر کوشش کریں گے۔ ایک سوال پر وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ دھرنوں کے دوران پارلیمنٹ کا بھرپور کردار تھا۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گرد گروپوں کے خلاف کارروائی نیشنل ایکشن پلان کا حصہ ہے۔ ضرب عضب کی کامیابی کو امریکا نے بھی سراہا۔ آپریشن کی مثال شاید پوری دنیا میں نہ ملے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملاقاتوں میں ہونے والی ساری باتیں میڈیا کونہیں بتائی جا سکتیں۔