Friday, April 26, 2024

صدر اشرف غنی دوبارہ صدر منتخب ہو گئے

صدر اشرف غنی دوبارہ صدر منتخب ہو گئے
February 18, 2020
 کابل (92 نیوز) افغان الیکشن کمیشن نے صدارتی انتخاب کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ صدر اشرف غنی دوبارہ صدر منتخب ہو گئے۔ پانچ ماہ کی تاخیر کے بعد افغانستان کے صدارتی انتخابات کا نتائج کر دیا گیا۔ افغان الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نتائج کے مطابق اشرف غنی 50 اعشاریہ 64 فیصد ووٹ حاصل کرکے دوبارہ صدر منتخب ہوگئے ہیں ۔ اُن کے قریب ترین حریف عبداللہ عبداللہ نے 39 اعشاریہ 52 فیصد ووٹ حاصل کیے ۔ حزب اسلامی کے سربراہ گلبدین حکمت یار 3 اعشاریہ 85 فیصد ووٹوں کیساتھ  تیسرے نمبر پر رہے ۔ افغانستان میں صدارتی انتخابات گزشتہ سال اٹھائس ستمبر کو ہوئے تھے ۔ اس سے قبل نتائج کا اعلان بائس دسمبر کو کیا گیا تھا جس میں اشرف غنی فاتح قرار پائے تھے تاہم عبداللہ عبداللہ نے نتائج کو مسترد کرتے ہوئے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا مطالبہ کیا تھا۔ حالیہ نتائج کے اعلان کے بعد صدر اشرف غنی نے ملک میں قیام امن کیلئے تمام سیاسی مخالفین سے متحد ہونے کی اپیل کی ۔ دوسری جانب عبداللہ عبداللہ نے ایک بار پھر ان نتائج کو مسترد کرتے ہوئے اسِے جمہوریت کیخلاف بغاوت قرار دیا۔ طالبان نے اپنے ردعمل میں کہا کہ اشرف غنی کا دوبارہ صدر منتخب ہونا غیر قانونی اور امن ایجنڈے کی خلاف ورزی ہے ۔ نتائج کا اعلان ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب آئندہ پانچ روز میں امریکا اور طالبان کے درمیان ہونے والے تشدد میں کمی کے معاہدے کا اطلاق ہونے والا  ہے ۔