Friday, May 17, 2024

صدر اردوان کا ہر شعبے میں پاکستان سے تعاون کا اعلان، عمران خان کا اظہار تشکر

صدر اردوان کا ہر شعبے میں پاکستان سے تعاون کا اعلان، عمران خان کا اظہار تشکر
February 14, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) ترک صدر رجب طیب اردوان نے سیاحت سمیت ہرشعبےمیں پاکستان سے تعاون کا اعلان کردیا، وزیراعظم عمران خان نے کہا کشمیریوں کی آواز اٹھانے پر ترک صدر کا شکریہ ادا کرتے ہیں، پاکستان اور ترکی کے درمیان 13 معاہدوں اور یادداشتوں پر دستخط ہوئے،مہمان صدر خوشگوار یادیں چھوڑ کر وطن واپس روانہ ہوگئے۔ پاک ترک دوستی بلندیوں کی نئی راہ پر گامزن، ترک صدر نے سیاحت سمیت ہر شعبے میں پاکستان سے تعاون کا اعلان کردیا،عمران خان کے ہمراہ مشترکا نیوز کانفرنس میں کہا اسٹریٹجک تعاون کونسل پاک ترک تعاون میں بہت اہم ہے۔ ترک صدر نے مزید کہا دہشت گردی کیخلاف پاکستان کا کردار قابل تحسین ہے، پاک افغان تعلقات میں مزید بہتری پر تعاون فراہم کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ترک صدر کو دل سے خوش آمدید کہتے ہیں،کشمیر میں مظالم کیخلاف آواز اٹھانے پر مشکور ہوں، 80 لاکھ کشمیریوں کو 8 لاکھ بھارتی فوج نے محصور کر رکھا ہے،بھارت نے آئین کو پامال کردیا ہے۔ ترک صدر نے پاک ترک بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان میں آگے بڑھنے کی صلاحیت ہے،دوطرفہ تجارت پہلے ایک ارب ڈالر،پھر پانچ ارب ڈالر تک لے جائیں گے، ایف اے ٹی ایف میں بھی پاکستان سے تعاون کیا جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ترک صدر پاکستان میں اتنے مقبول ہیں کہ الیکشن لڑیں تو جیت جائیں گے۔ پاکستان اور ترکی کے درمیان  معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی کئے گئے،ٹی وی اور ریڈیو، ریلوے، خوراک، پوسٹل سروسز،عسکری تربیت،سیاحت اور ثقافت، تجارت میں سہولت کاری کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان اور ترک صدر کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی، جس میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، اپنے دورے کی خوشگوار یادیں چھوڑ کر مہمان ترک صدر نورخان ایئربیس سے وطن واپس روانہ ہوگئے۔