Friday, April 26, 2024

صدارتی انتخابات کیلئے کاغذات واپسی کا وقت ختم ہو گیا

صدارتی انتخابات کیلئے کاغذات واپسی کا وقت ختم ہو گیا
August 30, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) صدارتی انتخابات کیلئے کاغذات واپسی کا وقت ختم ہو گیا ۔ اپوزیشن مشترکہ امیدوار کا فیصلہ نہ کرسکی ۔ پولنگ 4 ستمبر کو ہو گی ۔ ادھر صدر بننے کیلئے پی ٹی آئی کے امیدوار عارف علوی ان ایکشن  ہو گئے۔ آج پشاور میں میل ملاقاتیں کرینگے۔ دوسری طرف صدارتی الیکشن کیلئے نمبرزگیم پوری کرنے کیلئے جہانگیر ترین نے کمان سنبھال لی ۔ پاکستان تحریک انصاف کا وفد کوئٹہ پہنچا  اور بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنماؤں سے ملاقات کی ۔ پاکستان تحریک انصاف کے وفد میں صدارتی امیدوار عارف علوی ،وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک ، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری بھی جہانگیر ترین کے ہمراہ تھے۔ پی ٹی آئی وفد نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں میر جام کمال سے ملاقات کی جس کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ اتحاد کا حصہ ہیں اور صدارتی انتخابات میں بھرپور طریقے سے عارف علوی کی حمایت کی جائے گی۔ ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے عارف علوی کا کہنا تھا کہ صدر مملکت نامزد کئے جانے پر عمران خان کے شکر گزار ہوں ، انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے تاہم جمہوریت کا حسن یہی ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں سے ملاقات کی جائے۔ قبل ازیں صدارتی انتخابات کیلئے مولانا فضل الرحمان حمایت حاصل کرنے کیلئے پیر پگارا سے ملنے کنگری ہاؤس پہنچے۔ کنگری ہاؤس میں  پیر صاحب پگارا سے ملاقات کے دوران مولانا فضل الرحمان نے  صدارتی انتخابات کیلئے حمایت طلب کی اور کہا کہ آنے والےدنوں میں معرکہ  کامیابی سے سر کیا جائے گا۔