Saturday, April 20, 2024

صدارتی انتخاب ، عارف علوی،اعتزازاحسن، فضل الرحمان کے کاغذات نامزدگی منظور

صدارتی انتخاب ، عارف علوی،اعتزازاحسن، فضل الرحمان کے کاغذات نامزدگی منظور
August 29, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز) صدارتی الیکشن کی گہما گہمی عروج پر پہنچ چکی ہے ، پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے عارف علوی ، پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے اعتزازاحسن اور مسلم لیگ سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے فضل الرحمان  کے جمع کرائے جانے والے کاغذات نامزدگی منظور کر لئے گئے ۔ کاغذات کی جانچ پڑتال کے فرائض چیف الیکشن کمشنرسرداررضا خان نے انجام دیے ، چیف الیکشن کمشنر نے بطور ریٹرننگ افسر  12 امیدواروں کی سکروٹنی کی ۔ الیکشن  کمیشن نے   پی ٹی آئی کے امیدوار عارف علوی, پیپلز  پارٹی کے امیدوار اعتزازاحسن اور  متحدہ اپوزیشن  کے امیدوار مولانا فضل الرحمان اور امیر مقام  کے کاغذات نامزدگی منظور  کر لیئے. الیکشن کمیشن نے 8 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی تائید اور تجویز کنندگان نہ ہونے پر مسترد  کر  دیئے ,ان امیدواروں میں  وحید احمد کمال،محمد ایوب،میر افضل،شہباز خان ،،عمران احمد،سرفراز قریشی،محمد حنیف، اورمحمد اشفاق  شامل ہیں ۔ پیپلزپارٹی کے امیدواراعتزازاحسن  نےمیڈیا سے گفتگومیں کہاکہ تحریک انصاف کے کئی ممبران پارٹی فیصلوں سے پریشان ہیں ،راجہ ظفرالحق یا ایازصادق امیدوارہوتے تو حمایت  کا  سوچ سکتے تھےتاہم اسوقت پیپلزپارٹی کیلئے فیصلہ واپس لینا مشکل ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار عارف علوی نے دعویٰ کیا  کہ بڑے مارجن سے فتح سمیٹیں گے ۔ عارف علوی کا کہنا تھا  اعتزاز احسن کی باتوں پر کچھ نہیں کہنا چاہتا، پی ٹی آئی کے ناراض رہنماؤں کے نام  ان سے ہی پوچھیں ۔ ا لیکشن کمیشن کے سامنے  میڈیا  سے گفتگو  میں  احسن اقبال نے ایک بارپھرپیپلزپارٹی سے متفقہ امیدوارلانے کی درخواست کی، انکا کہنا تھا کہ  پہلے دس روزمیں حکومتی فیصلوں سے لگتا ہے انڈر الیون ٹیم برسراقتدارآگئی ہے ، گوگل کے ذریعے حکومتی فیصلے کیے جارہے ہیں ۔ مولانا عبدالغفورحیدری نے کہاکہ اپوزیشن کومتحدرکھنے اور تقسیم کرنے کا فیصلہ پیپلزپارٹی کے ہاتھ میں ہے۔