Tuesday, April 23, 2024

صدارتی الیکشن کیلئے سندھ میں تیاریاں مکمل ،163ارکان کو حق رائے دہی حاصل یے

صدارتی الیکشن کیلئے سندھ میں تیاریاں مکمل ،163ارکان کو حق رائے دہی حاصل یے
September 3, 2018
کراچی ( 92 نیوز) صدارتی الیکشن کے لیے سندھ میں تیاریاں مکمل کرلی گئیں ، 163 ارکان کو حق رائے دہی حاصل ہو گیا جب کہ پیپلزپارٹی کے حمایت یافتہ صدارتی امیدوار کی کامیابی یقینی  ہے اور ڈاکٹر عارف علوی کو اپنے ہوم گراونڈ میں شکست کا امکان ہے۔ صدارتی الیکشن کیلئے سندھ میں سندھ اسمبلی میں پولنگ اسٹیشن ہوگا  ، چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کی زیرنگرانی صبح دس بجے سے شام چار بجے تک ووٹنگ ہوگی۔اسمبلی ہال میں ارکان کے موبائل لے جانے پر پابندی ہوگی جبکہ وزیٹرز اور پریس گیلری کے پاسز بھی منسوخ کردئیے گئے ہیں ۔ صدارتی الیکشن میں سندھ اسمبلی کے 163 ارکان کو حق رائے دہی حاصل ہوگا، ایم ایم اے کا ایک اور تحریک لبیک پاکستان کے تین ارکان ہیں ۔پیپلزپارٹی 97 ووٹرز کے ساتھ سب سے آگے ہے جب کہ  پی ٹی آئی،ایم کیوایم اور جی ڈی اے اتحاد کے پاس 62 ووٹرز ہیں۔ صدارتی انتخابات میں دلچسپ صورتحال ہے کہ تینوں صدارتی امیدوار اپنے اپنے صوبوں میں کامیاب نہیں ہوسکیں گے ۔سندھ سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر عارف علوی کوسندھ اسمبلی سے صرف 24ووٹ ملنے کی توقع ہے ۔ پنجاب کے اعتزاز احسن کے پاس پنجاب میں اکثریت نہیں ،اتحادیوں کے ووٹ ملنے کی صورت میں بھی اعتزازاحسن کی پنجاب سے شکست کا قوی امکان ہے ۔ اپوزیشن جماعتوں کے متفقہ امیدوار مولانا فضل الرحمن کا تعلق کے پی کے سے اور اپوزیشن جماعتوں کے پاس کے پی اسمبلی میں مطلوبہ اکثریت حاصل نہیں۔