Sunday, May 12, 2024

صدارتی آرڈیننس کسی کو نوازنے کیلئے نہیں، شفافیت کیلئے لایا گیا ، شاہ محمود قریشی

صدارتی آرڈیننس کسی کو نوازنے کیلئے نہیں، شفافیت کیلئے لایا گیا ، شاہ محمود قریشی
February 7, 2021

ملتان (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا صدارتی آرڈیننس کسی کو نوازنے کیلئے نہیں، شفافیت کیلئے لایا گیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا سب جانتے ہیں کہ سینیٹ انتخابات میں خرید و فروخت ہوتی ہے۔ ہم نے سینیٹ انتخابات میں منڈی لگنے کا نوٹس لیا۔ سینیٹ انتخابات میں خریدو فروخت رکنی چاہیے۔ منتخب نمائندوں کا فرض ہے کہ وہ اپنی جماعت کے امیدواروں کو ووٹ دیں ۔ میثاق جمہوریت کی شق 14 میں بھی اوپن بیلٹ پر اتفاق کیا گیا۔ اوپن بیلٹ کے لئے کچھ ماہرین نے کہا کہ آئینی ترمیم کی ضرورت نہیں ہے۔ ہم نے آئین کی تشریح کے لئے سپریم کورٹ سے رجوع کیا۔

شاہ محمود قریشی بولے پی ٹی آئی اوپن بیلٹ کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کا احترام کرے گی۔ آئینی ترمیم کے لئے ہمارے پاس دو تہائی اکثریت نہیں ہے۔ اپوزیشن جماعتوں نے پارلیمنٹ میں آئین کی ترمیم نہیں ہونے دی ۔

انہوں نے مزید کہا 1985 سے 2018 تک ن لیگ کو اقتدار ملتا رہا ہے۔ ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے عوام کے لئے کیا کیا ؟ 5 فروری کو پورے ملک میں احتجاج کیا گیا ۔ ہندوستان کی کشمیر پالیسی ناکام ہو گئی ہے۔ پوری دنیا میں کشمیریوں کی آواز پھیل رہی ہے ۔ بھارت کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر رہا ہے ۔ نیویارک کی اسمبلی میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کی قرار داد منظور ہوئی ہے۔