Sunday, May 19, 2024

صحت کارڈ ایک بڑا اسکینڈل ہے، مرتضیٰ وہاب

صحت کارڈ ایک بڑا اسکینڈل ہے، مرتضیٰ وہاب
January 3, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ صحت کارڈ ایک بڑا اسکینڈل ہے۔ 

سوموار کو کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں اُنہوں نے کہا کہ صحت کارڈ اعتراف ہے کہ وفاقی حکومت سرکاری اسپتالوں میں علاج کی معیاری سہولت نہیں دے سکی۔ حکومت سخت فیصلے کرنا نہیں چاہتی، صحت کارڈ اپنے لوگوں کو نوازنے کا منصوبہ ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا سرکاری فنڈز کو پرائیویٹ اسپتالوں میں ڈائیورٹ کردیا گیا، وہی پیسے سرکاری اسپتالوں پر خرچ ہوں تو کوئی شہری پرائیویٹ اسپتال کا رخ نہیں کریگا۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی نے سندھ میں صحت کی سہولیات بھی گنوادیں، بولے کہ سندھ کے اسپتال میں شہریوں کا مفت علاج ہو رہا ہے۔ پورے پاکستان سے لوگ سندھ کے اسپتالوں میں علاج کرانے آتے ہیں۔ قومی ادارہ قلب نے ایک سال میں 10 لاکھ 76ہزار افراد کا دل کا مفت علاج کیا۔ محض کراچی میں 9 لاکھ سے زائد افراد کا مفت علاج کیا گیا۔

مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ اومیکرون ویرینٹ تیزی سے پھیل رہا ہے، کورونا کیسز میں اضافہ ہورہا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مثبت کورونا کیسز کی شرح 6 فیصد ہے۔ عوام سماجی تقریبات میں ایس او پیز کا خیال رکھیں۔