Thursday, April 18, 2024

صحت تحفظ ہیلپ لائن 1166 رات کو مدد کیلئے دستیاب نہیں

صحت تحفظ ہیلپ لائن 1166 رات کو مدد کیلئے دستیاب نہیں
April 6, 2020
اسلام آباد ( 92 نیوز) پوری دنیا کی طرح پاکستانی قوم بھی کورونا وائرس کو شکست دینے کیلئے متحد اور پرعزم ہے،ریاستی ادارے وائرس سے عوامی تحفظ اور وباء کی روک تھام کیلئے سرگرم عمل ہیں۔ ایسے میں حکومتی سطح پر عام آدمی کیلئے قائم کردہ صحت تحفظ ہیلپ لائن 1166 رات کو مدد کیلئے دستیاب نہیں۔ ملک و قوم کورونا وائرس کیخلاف جنگ میں بر سر پیکار  ہیں ،  ایسے میں وزارت صحت نے عوامی مدد اور آگہی کیلئے کورونا سے متعلق صحت تحفظ ہیلپ لائن  1166 قائم کی لیکن حیران کن امر یہ ہے کہ ہیلپ لائن 24 گھنٹے فعال رہنے کے بجائے  صبح 8 سے رات 12 بجے تک   کام کرتی ہے ۔ یعنی رات 12 کے بعد وفاقی حکومت سو رہی ہوتی ہے کوئی بھی کال کرنے کی زحمت نہ کرے ، بیماری یا وائرس کے حملے کا تو وقت مقرر نہیں تاہم حکومتی نیند کا معین ہے۔ دوسری جانب کورونا ہیلپ لائن پر کال کرنے پر مدد تو درکنار ، کوئی فون اٹھانے کو تیار نہیں ۔ ہیلپ لائن نمبر ڈائل کرنے پر اگر غلطی سے کوئی اہلکار فون اٹھا لے اور کوئی معلومات لی جائیں تو اہلکار خود تذبذب کا شکار ہوتے ہیں ۔ کورونا وائرس پر مدد کیلئے قائم ہیلپ لائن ۔سائلین ، مریضوں اور دیگر درخواست گزاروں کو پیغام دے رہا ہے کہ عوام کو خواہ کیسی ہی ہنگامی صورتحال درپیش ہو تو انتظار کریں اور صبح 8 بجے کے بعد کال کریں ۔ رات کو ہیلپ لائن 1166 پر کال کرنے کی زحمت نہ کی جائے۔