Friday, April 26, 2024

صبرآزما انتظار ختم، علی حیدر گیلانی گھر پہنچ گئے، جشن، بھنگڑے

صبرآزما انتظار ختم، علی حیدر گیلانی گھر پہنچ گئے، جشن، بھنگڑے
May 11, 2016
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) صبرآزما انتظار کا ہوا بالاآخر خاتمہ۔ علی حیدر گیلانی اپنوں میں پہنچ گئے۔ ماں، بہن، بھائی نے گلے لگایا، آنکھیں چھلک گئیں۔ علی گیلانی جہاز سے اترتے ہی سجدہ ریز ہو گئے۔ گیلانی ہاﺅس میں جشن، بھنگڑے اور مٹھائی تقسیم کی گئی۔ جہاز کابل سے اڑا تو دل کی دھڑکنیں تیز ہو گئیں۔ انتظارمیں شدت بھی تھی اورلذت بھی۔ خصوصی طیارہ لاہور ائیر پورٹ اترا تو علی گیلانی نے ماں، بہن اور بھائیوں کو سامنے پایا۔ پہلے ہوئے سجدہ ریز اور پھر سب کو گلے لگا لیا۔ اکلوتے بیٹے کو گود میں اٹھایا اور خوب پیار کیا۔ جذباتی مناظر دیکھنے کو ملے۔ ہر کسی کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہ تھا۔ بھائیوں نے مل کر سیلفی بھی بنائی۔ گھر پہنچے تو استقبال کرنیوالوں کی لمبی قطاریں تھیں۔ عزیز واقارب بھی تھے اور دوست بھی، کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے، مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں۔ علی گیلانی کے گھر میں قدم پڑنے کی دیر تھی کہ فوری طور پر بکروں کا صدقہ دیا گیا۔ تین برس بعد لخت جگر سے گلے مل کر ان کی والدہ فوزیہ گیلانی فرط جذبات سے آبدیدہ ہو گئیں۔ دوسری جانب گیلانی ہائوس میں مبارکباد دینے والوں کا تانتا بندھا ہے۔ اہم شخصیات کی آمد بھی جاری ہے۔ اس موقع پر سیکورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔