Tuesday, May 14, 2024

صاف ماحول کی آگہی کیلئے پاک بحریہ نے ماحول کا عالمی دن منایا

صاف ماحول کی آگہی کیلئے پاک بحریہ نے ماحول کا عالمی دن منایا
June 5, 2020
کراچی (92 نیوز) صاف فضاء کی افادیت کو اجاگر کرنے اور ماحول کی حفاظت و بقا کی آگہی کے لئے پاک بحریہ نے ماحول کا عالمی دن منایا۔ اس دن کی مناسبت سے بینرز آویزاں، پیمفلٹس کی تقسیم اور آگہی پر مبنی آرٹیکلز کی اشاعت کی گئی۔ اقوامِ متحدہ کے انوائرمنٹ پروگرام(UNEP)  کے تحت ہر سال 5 جون کو دنیا بھر میں ماحول کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ اس دن کو منانے کا مقصد صاف ماحول کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور ماحول کے تحفظ و بقاء کے لئے غوروخوض اور کاوشوں کو تحریک دینا ہے۔ اس سال کے ماحول کے عالمی دن کا موضوع ‘‘ حیاتیاتی نظام کا تنوع ’’ ہے جو کرہ ارض پر بسنے والے تمام جاندار اشیاء کی بقاء کے لیے اہم اکائی ہے۔ پاک بحریہ ماحول کا عالمی دن تسلسل کے ساتھ مناتی ہے تاکہ اس دن کی افادیت کو اجاگر کرنے کے ساتھ عوام الناس میں بالخصوص آبی ماحول کے حوالے سے آگہی کو فرو غ دیا جاسکے۔ رواں سال پاک بحریہ کی جانب سے ماحول کے تحفظ کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے، جن میں شجرکاری، بندرگاہوں اور ساحل کی صفائی کی مہمات، ماحول کے متعلق آگہی واک، دن کی اہمیت کے متعلق سیمینارز اور لیکچرز کا انعقاد اور سوشل میڈیا مہم شامل ہیں۔ پاک بحریہ کی جانب سے کورونا وائرس وباء سے پیدا ہونے والے بحران کے پیش نظر سماجی فاصلے کو برقرار رکھتے ہوئے آگہی مہم کو مؤثر بنانے کے لیے مختلف اقدامات کیے گئے، جن میں بینرز آویزاں کرنا، پیمفلٹس کی تقسیم، آگہی پر مبنی آرٹیکلز کی اشاعت اور موضوع کی مناسبت سے دستاویزی فلمیں نشر کرنا شامل ہے۔ عالمی یومِ ماحول کے دن پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اپنے پیغام میں صاف اور محفوظ ماحول کو یقینی بنانے خصوصاً آبی ماحول کی بہتری اور تحفظ کے لیے پاک بحریہ کی ہر ممکن کوشش کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ نیول چیف نے زیر کمان تمام افسران اور جوانوں کو بھی ماحول کو محفوظ بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی اور اس عہد کی تجدید کی کہ پاک بحریہ اپنے فرائض کی ادائیگی کے ساتھ ماحول کے تحفظ کے لیے بھی اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔