Wednesday, May 8, 2024

صادقین کی 33 ویں برسی آج منائی جا رہی ہے

صادقین کی 33 ویں برسی آج منائی جا رہی ہے
February 10, 2020
کراچی ( 92 نیوز) پاکستان کے عظیم مصور اور خطاط صادقین  کی 33 ویں برسی آج منائی جارہی ہے ، صادقین نے نہ صرف برصغیر بلکہ پوری دنیا میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ فن خطاطی میں نئی جہتیں متعارف کرانے والے  شہرہ آفاق مصور خطاط اور نقاش سید صادقین  احمد نقوی 1930 میں ہندوستان کے شہر امروہہ میں  پیدا ہوئے ، ان کا پورا نام سید صادقین احمد نقوی  تھا لیکن اپنے چاہنے والوں میں صرف صادقین ہی  کہلائے ۔ صادقین  کی پہلی تصویری نمائش 1954 میں ہوئی اور  دیکھتے ہی دیکھتے یہ سلسلہ امریکہ فرانس یورپ اور دنیا  کے دیگر ممالک میں پھیل گیاصادقین نے مرزا غالب ،علامہ اقبال اور فیض احمد فیض کے اشعار کو خوبصورت  اندازمیں  کینوس پر اتارا ۔ صادقین  نےمصورانہ خطاطی میں ایک نیا انداز اپنایا اسی لئے اگر انہیں لیجنڈ آف آرٹ آف کیلی گرافی کہا جائے  تو غلط نہ ہوگا۔ صادقین نے اپنے فن کو امرا کے ڈرائنگ روم کی زینت بنانے کے بجائے عام عوام تک پہنچانے کو ترجیح دی اور  اپنا پہلا آرٹ کا نمونہ کراچی ایئر پورٹ پر بنایا صادقین  کی خطاطی کے نمونے فیصل مسجد اسلام آباد فرئیر ہال  ،کراچی نیشنل میوزیم،صادقین آرٹ گیلری اور دنیا  کے ممتاز عجائب گھروں میں موجود ہیں۔ صادقین کو تمغہ امتیاز ،صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی  اور ستارہ امتیاز سے بھی نوازا گیا۔