Friday, March 29, 2024

صادق سنجرانی کی خالد مقبول صدیقی سے ملاقات، ایم کیوایم کیساتھ ملکر کام کرنے کا عزم

صادق سنجرانی کی خالد مقبول صدیقی سے ملاقات، ایم کیوایم کیساتھ ملکر کام کرنے کا عزم
February 2, 2020
کراچی (92 نیوز) چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے ایم کیو ایم مرکز بہادر آباد جاکر خالد مقبول صدیقی سے ملاقات کی، میڈیا گفتگو میں صادق سنجرانی نے کہا کہ ملک کی بہتری کیلئے ایم کیوایم کے ساتھ ملکر کام کرینگے۔ چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ خالد بھائی کو مشورہ ہے کہ کابینہ میں واپس آجائیں۔ متعدد بار کراچی آیا تو یہ یہاں نہیں ہوتے تھے، ان سے وعدہ کیا تھا کہ ان کا شکریہ ادا کرنے ضرور ان کے دفترآؤں گا۔ انہوں نے کھانا بھی کھلایا۔ صادق سنجرانی بولے کہ قومی ایشوز پر ایم کیو ایم کے ساتھ ہر قسم کا کردار ادا کیا، پاکستانی عوام اور پاکستان کیلئے میں ان کے ساتھ کھڑا رہوں گا، ہمارے پارٹی رہنماء اور سربراہ جام کمال بھی یہاں آنا چاہتے ہیں۔ بلوچستان عوامی پارٹی اور ایم کیو ایم پاکستان کی بہتری کیلئے  کام کرتے رہیں گے۔ اس موقع پر خالد مقبول صدیقی بولے عوامی مسائل کے حل کیلئے اتحاد کیا، وزارتیں آنی جانی چیز ہیں، آئی جی سندھ کی تقرری سیاسی بنیادوں پر نہیں ہونی چاہئے، اس معاملے پر ثالثی کرنا ہمارا کام نہیں۔ ایم کیو ایم رہنماء بولے کہ ہم نے بلوچستان سے سینٹ چیئرمین کو سپورٹ کیا تھا، ہماری خواہش تھی کہ چھوٹے صوبے سے بھی لوگ سامنے آئیں، ہم ان کے جائز مسائل پر مل کر آواز اٹھاتے رہیں گے۔