Friday, April 26, 2024

شیوسینا کا بھارتی کرکٹ بورڈ کے دفتر پر دھاوا‘ چیئرمین پی سی بی کی بھارتی ہم منصب سے ملاقات منسوخ

شیوسینا کا بھارتی کرکٹ بورڈ کے دفتر پر دھاوا‘ چیئرمین پی سی بی کی بھارتی ہم منصب سے ملاقات منسوخ
October 19, 2015
ممبئی (ویب ڈیسک) ہندو انتہا پسند کھیل کے بھی دشمن بن گئے۔ پاک بھارت کرکٹ سیریز روکنے کی کوشش‘ شیوسینا کے کارکنوں کا ممبئی میں بھارتی کرکٹ بورڈ کے دفتر پر دھاوا ، ہنگامہ آرائی‘ کارکنوں کے شہر یار خان کے خلاف نعرے‘ چیئرمین پی سی بی کی بھارتی ہم منصب سے ملاقات منسوخ۔ تفصیلات کے مطابق بھارت کے انتہاپسند ہندوو¿ں نے کلچر کے بعد کھیل کو بھی نشانے پر رکھ لیا۔ چیئرمین پی سی بی شہریارخان اور نجم سیٹھی بی سی سی آئی حکام سے ملاقات کے لئے بھارت پہنچے لیکن شیو سینا کے جنونی ہندووں نے بھارتی کرکٹ بورڈ پر ہی دھاوا بول دیا۔ چیئرمین پی سی بی اور پاکستان کے خلاف نعرے لگائے۔ بھارتی بورڈ کو ملاقات منسوخ کرنا پڑی۔ پی سی بی اور بھارتی کرکٹ بورڈ حکام کے درمیان ملاقات بی سی سی آئی ہیڈ کوارٹرز میں طے تھی لیکن ملاقات سے قبل انتہاپسند وہاں جا پہنچے۔ نفرت کی آگ میں جلتے شیو سینا کے کارکنوں نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر شہریار خان واپس جاو کے نعرے درج تھے۔ انتہاپسندوں نے بھارتی بورڈ سے مطالبہ کیا کہ پاکستان کے ساتھ کرکٹ سیریز منسوخ کی جائے۔ انتہاپسند ہندو بھارتی بورڈ کے صدر ششانک منوہر کے دفتر میں گھس گئے۔ ششانک منوہر دفاعی انداز اختیار کئے انہیں قائل کرنے کی ناکام کوشش کرتے رہے۔ آئی پی ایل کے چیئرمین اور سیاسی رہنما راجیو شکلا نے انتہاپسندوں کے اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ ذمہ دار اور خود مختار ادارہ ہے۔ پاکستان کے ساتھ کرکٹ تعلقات کا معاملہ بورڈ پر چھوڑ دیا جائے۔