Sunday, September 8, 2024

شیو سینا کی پاکستان کا میچ رکوانے کیلئے دستی بم پھینکنے کی دھمکیاں

شیو سینا کی پاکستان کا میچ رکوانے کیلئے دستی بم پھینکنے کی دھمکیاں
March 12, 2016
ممبئی (ویب ڈیسک) دھرم شالہ کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان اور بھارت کا ٹی ٹوینٹی کرکٹ میچ منسوخ کرانے کے بعد شیو سینا کولکتہ میں ہونے والے پاک بھارت کرکٹ میچ کو منسوخ کرانے کے لیے پھر سرگرم ہوگئی۔ بھارتی ریاست ہماچل پردیش کے دھرم شالہ کرکٹ سٹیڈیم میں پاک بھارت ٹی ٹوینٹی کرکٹ میچ کی منسوخی کے بعد بھارتی انتہا پسند تنظیموں کے حوصلے اتنے بڑھ گئے کہ اب وہ کولکتہ میں ہونے والے میچ کو رکوانے کے لیے بم پھینکنے جیسی دھمکیاں دینے لگے ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ہندو انتہا پسند جماعت شیو سینا کے سربراہ ادھوو ٹھاکرے نے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم کے ساتھ کرکٹ میچ کھیلنے کی ہرگز اجازت نہیں ہونی چاہیے کیونکہ بارڈر پر بمباری کی جا رہی ہے لہٰذا ہم بھی پاکستانی ٹیم پر بال نہیں بلکہ بم پھینکیں گے۔ اس حوالے سے نائنٹی ٹونیوز کے تجزیہ کار محسن حسن خان نے اشارہ دیا تھا کہ اب بھی چھوٹی موٹی دھمکیاں موصول ہوسکتی ہیں۔ اودھو ٹھاکرے نے بھارتی ریاست مہاراشٹر کے شہر چندرا پور میں شیو سینا کے کارکنوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ دھرم شالہ میں پاک بھارت ٹی ٹوینٹی میچ رکوانے پر ہماچل کے وزیراعلیٰ کو شاباش دیتے ہیں اور کولکتہ میں ہونے والے میچ پر بھارتی حکومت سے یہ سوال کرتے ہیں کہ پاکستان کے ساتھ کرکٹ کھیلنے کی آخر کیا ضرورت ہے۔