Friday, March 29, 2024

شیلنگ بمقابلہ پتھراﺅ، شہراقتدار میدان جنگ بن گیا‘ 150 کارکن گرفتار

شیلنگ بمقابلہ پتھراﺅ، شہراقتدار میدان جنگ بن گیا‘ 150 کارکن گرفتار
October 30, 2016
اسلام آباد (92نیوز) اسلام آباد کا انصاف ایونیو اور پاکستان چوک دن بھر میدان جنگ کا منظرپیش کر تا رہا۔ پولیس اہلکار بنی گالہ جانے کی کوشش کرنے والے کپتان کے کھلاڑیوں اور رہنماوں کو روکتے رہے۔ دھکم پیل اور آنسو گیس کی شیلنگ بھی وقفے وقفے سے جاری رہی۔ پولیس نے تحریک انصاف کے 150 کارکن دھر لیے۔ شیریں مزاری رکاوٹیں توڑکر آگے نکل گئیں۔ عظمیٰ کاردارکو بنی گالا جانے سے روک دیاگیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں کھلاڑیوں اور پولیس کے درمیان لڑائی آج بھی جاری ہے۔ کپتان کی کال پر کھلاڑی اور تحریک انصاف کے رہنما بنی گالہ پہنچنے کی سرتوڑ جدوجہد کر رہے ہیں۔ پولیس کے ساتھ تکرار‘ تصادم‘ شیلنگ اور پتھراو سمیت کئی پہاڑ ہیں جو کھلاڑیوں کو عبور کر کے کپتان کے پاس پہنچنا پڑ رہا ہے۔ پولیس کی شیلنگ کی بو سے اسلام آباد کی صاف فضا جہاں تیزی سے آلودہ ہو رہی ہے وہیں پتھراو کے ساتھ کارکنوں کے نعرے دارالحکومت کے گلی کوچوں میں گونج رہے ہیں۔ بنی گالہ کے باہر پولیس کی رکاوٹوں کے باعث انصاف ایونیو اور پاکستان چوک وقفے وقفے سے ہونی والی جھڑپوں اور تصادم کے باعث میدان جنگ کا منظر پیش کرتا رہا۔ کبھی کھلاڑی اہلکاروں پر پتھراو کرتے ہوئے اہلکاروں کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کر دیتے تو کبھی شیلنگ کی مدد سے پولیس والے کارکنوں پر چڑھائی کر دیتے۔ کھلاڑی پرعزم ہیں کہ کپتان کی دعوت پر وہ بنی گالہ ضرور پہنچیں گے اور ایوانوں تک اپنے احتجاج کی آواز پہنچا کر دم لیں گے۔