Thursday, March 28, 2024

شیری رحمٰن نے حکومت کو کشمیر فروش قرار دیدیا

شیری رحمٰن نے حکومت کو کشمیر فروش قرار دیدیا
October 27, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنماء شیری رحمٰن نے تنقیدی وار کرتے ہوئے حکومت کو کشمیر فروش قرار دیدیا۔ کہا کہ تقسیم کار حکومت پارلیمان اور اپوزیشن کو تقسیم کر رہی ہے۔ اسلام آباد میں پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیری رحمٰن نے کہا کہ توقع تھی کہ پارلیمان کا خاص اجلاس ہوتا کشمیر کے بہن بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا جاتا، کہا کہ عوام کے مسائل کو اجاگر نہیں کرنے دیا جا رہا، اگر ایف اے ٹی ایف سے متعلق مشترکہ اجلاس ہوسکتا ہے تو کشمیر کے لئے کیوں نہیں ہوسکتا؟۔ انہوں نے کہا کہ 2018ء سے اب تک کی صورتحال دیکھ لیں کتنے بل اور آرڈیننس راتوں رات آئے نااہل سرکار کہیں بھی پاکستان کے مفادات کا تحفظ نہیں کرسکی۔ حکومت کو حوصلہ دینا اپوزیشن کا کام نہیں لیکن ہم دے رہے ہیں۔ ملک کا اصل مسئلہ مہنگائی ہے، حکومت نے قوم کو بیانیہ کی جنگ میں الجھا رکھا ہے۔ حکومت ملک پر قرضوں کے انبار چڑھا چکی ہے، زائد قرضے لینے سے افراط زر بڑھ رہا ہے۔ سردیاں آچکی ہیں مگر گیس کے حوالے سے کوئی لائحہ عمل حکومت کے پاس نہیں۔ نوٹس سرکار صرف نوٹس لیتی ہے اور اس کے بعد کچھ نہیں ہوتا۔ موجودہ حکومت عالمی اداروں کے مطالبات بلا چوں چراں تسلیم کر رہی ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی قیادت نے کوئی غیر آئینی و قانونی اقدام نہیں اٹھایا، پی ڈی ایم نظم و ضبط کے مطابق جلسے کر رہی ہے۔ پی ڈی ایم کے جلسوں میں ہر ممکن احتیاطی تدابیر اپنائی جا رہی ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ پشاور دھماکے کی مذمت کرتے ہیں اور ورثاء کے غم میں شریک ہیں دہشتگردی کی لہر میں دوبارہ اضافہ ہو رہا ہے۔