Sunday, April 28, 2024

شیروں کو کھلے عام لیکر گھومنے پر درخواست گزار نون لیگ کیخلاف عدالت پہنچ گیا

شیروں کو کھلے عام لیکر گھومنے پر درخواست گزار نون لیگ کیخلاف عدالت پہنچ گیا
November 2, 2015
لاہور (92نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے بلدیاتی انتخابات کی انتخابی مہم کے دوران مسلم لیگ (ن) کے رہنماوں کی جانب سے زندہ شیر کو لیکر گھومنے اور اس کی نمائش کے خلاف درخواست پر الیکشن کمیشن سے جواب طلب کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق جسٹس منصور علی شاہ نے اداکارہ اور سماجی کارکن فریال گوہر کی درخواست پر سماعت کی تو درخواست گزار کے وکیل وقاص میر نے بتایا کہ حکمران جماعت کا انتخابی نشان شیر ہے لیکن کچھ مسلم لیگی رہنما اور کارکن انتخابی مہم کے دوران زندہ شیر کو پنجرے میں لیکر گھومتے رہے۔ درخواست گزار کے وکیل کے مطابق شیر جیسے خطرناک جانور کو کھلے عام لیکر گھومنا اور اس کی اس طرح نمائش کسی خطرے سے کم نہیں اور یہ کسی بھی وقت بڑے نقصان کا سبب بن سکتا ہے۔ فریال گوہر کے وکیل نے یہ اعتراض بھی اٹھایا کہ اس طرح جانور کو لیکر گھومنا اور نمائش جانور کو اذیت دینا ہے ایسا کرنا جانوروں کے حقوق کی پامالی بھی ہے۔ فریال گوہر نے استدعا کی کہ شیر کو انتخابی مہم میں لانے اور نمائش کرنے پر پابندی عائد کی جائے۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس منصور علی شاہ نے الیکشن کمیشن سے بیس نومبر کو جواب طلب کر لیا۔