Friday, April 26, 2024

شیخوپورہ میں ٹرین اور کوسٹر وین میں تصادم ، انیس سکھ یاتریوں سمیت بیس مسافر ہلاک

شیخوپورہ میں ٹرین اور کوسٹر وین میں تصادم ، انیس سکھ یاتریوں سمیت بیس مسافر ہلاک
July 4, 2020
شیخوپورہ (92 نیوز) شیخوپورہ میں پھاٹک پر کوسٹرکوٹرین کی ٹکر،سات خواتین سمیت بیس افراد جان سے گئے، سکھ خاندان کے افراد پشاورسے فوتیدگی پرآئے تھے۔ ریلوے پھاٹک پرایک اور خوفناک حادثہ پیش آیا، فاروق آباد میں جاتری کہنہ روڈ کے پھاٹک پر کوسٹر ٹرین کی زد میں آگئی، حادثے میں بیس افراد ہلاک ہوگئے۔ حادثہ اس قدرشدیدتھا کہ ٹرین کی ٹکر سے کوسٹر تباہ ہوگئی۔ ترجمان ریلوے کے مطابق  کوسٹر میں ایک ہی سکھ خاندان کے 25 افراد سوار تھے جوپشاورسے فوتیدگی پرآئے، آرپی او شیخوپورہ شاہدجاویدکاکہنا ہے کہ بظاہرحادثہ کوسٹرڈرائیور کی غفلت کے باعث پیش آیا، اس سے آگے دوگاڑیاں پہلے نکل گئی تھیں۔ ڈی سی اصغرجوئیہ کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں تیرہ مرد اور سات خواتین شامل ہیں۔ وزیرریلوے نے ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی کاحکم دے دیا، ترجمان ریلوے کے مطابق حادثے کے بعد ریلوے حکام نے ڈویژنل انجینئرکو فوری طور پر معطل کردیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارنے ہلاک افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کااظہار کیا ہے۔ آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے شیخوپورہ میں ٹرین حادثے پر اظہار افسوس کیا، آئی ایس پی آر کے مطابق سپہ سالار نے حادثے میں قیمتی جانی نقصان پر گہرے رنج کا اظہار کیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کہتے ہیں حادثے میں متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہیں۔ صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے ٹرین حادثے پر افسوس کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا، وزیراعظم نے زخمیوں کو بہترین طبی امداد کی فراہمی کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، اپوزیشن لیڈر شہباز شریف، بلاول بھٹو زرداری اور دیگر سیاسی قائدین نے بھی ٹرین حادثے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔