Wednesday, April 24, 2024

شیخوپورہ : زمینداروں نے مزدوری سے انکار پر نوجوان کے ہاتھ کاٹ دیے

شیخوپورہ : زمینداروں نے مزدوری سے انکار پر نوجوان کے ہاتھ کاٹ دیے
December 28, 2015
شیخوپورہ (92نیوز) شیخوپورہ میں ایک اور انسانیت سوز اور دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آگیا۔ بااثر زمینداروں نے مزدوری سے انکار کرنے والے نوجوان کے دونوں ہاتھ کاٹ دیے اور پھر کارروائی سے بچنے کیلئے کئی روز تک اسے قید رکھا۔ پولیس نے بھی اس ظلم پر چپ سادھ لی ہے لیکن وزیرا علیٰ نے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق شیخوپورہ کے علاقے مانانوالہ میں محنت کش صدیق اور اس کا 16 سال کا بیٹا ابوبکر زمینداروں کے ہاں کھیتوں میںمزدوری کرتے تھے۔ ایک سال قبل ابوبکر نے حافظ آباد میں رانا اسرار کے کھیتوں میں کام کرنے کی حامی بھری اور کام مکمل ہونے پر وہ اپنے گھر آگیا۔ پانچ ماہ قبل زمیندار رانا اسرار خاں اپنے ساتھیوں کے ہمراہ مانانوالہ آیا اور ابوبکر کو حافظ آباد لے گیا۔ اس دوران ابوبکر سے جبری مشقت کرائی جاتی رہی۔ وہاں سے بھاگنے کی کوشش کرنے پر زمیندار رانا اسرار خاں، اس کے ساتھی احسان اورمدثر سیخ پا ہو گئے اور محنت کش نوجوان کے ہاتھ چارے والی مشین میں دے کر کاٹ دیے۔ لواحقین کے مطابق اس دوران ملزموں نے علاج کرانے کی بھی کوشش کی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔