Friday, September 20, 2024

شیخوپورہ کے قریب 25 گاڑیوں کا تصادم‘ 2 افراد جاں بحق‘ 10 زخمی

شیخوپورہ کے قریب 25 گاڑیوں کا تصادم‘ 2 افراد جاں بحق‘ 10 زخمی
March 1, 2016
لاہور (92نیوز) شیخوپورہ کے قریب موٹروے پر ڈرائیور نے منی ٹرک کو موڑنے کی کوشش کی تو دھند کے باعث پچیس سے زائد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجہ میں دو افراد جاں بحق اور دس زخمی ہو گئے۔ حادثے کے باعث موٹروے پر ٹریفک جام ہو گئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ تفصیلات کے مطابق شیخوپورہ انٹرچینج کے قریب صبح سویرے چھائی دھند میںایک منی ٹرک کے ڈرائیور نے غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے موٹروے پولیس کی گاڑیوں کی کراسنگ کے لیے بنائے گئے کٹ سے مڑنے کی کوشش کی تو پیچھے سے آنے والی ایک گاڑی منی ٹرک سے ٹکراگئی۔ پھر کیا تھا پچیس سے زائد بسوں‘ کاروں اور دیگر گاڑیوں کا ایک دوسرے سے تصادم ہو گیا۔ امدادی ٹیموں نے جاں بحق افراد اور زخمیوں کو نکال کر اسپتال منتقل کیا جہاں چند کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ موٹروے پولیس حکام کے مطابق رات دھند کے باعث موٹروے کو لاہور سے پنڈی بھٹیاں انٹرچینج تک بند کر دیا گیا تھا تاہم صورتحال بہتر ہونے پر ٹریفک کو کھولا گیا تاہم یہ حادثہ تیزرفتاری کے باعث پیش آیا ہے۔