Thursday, April 25, 2024

شیخ زید اسپتال‏ لاہور کو وفاق کےحوالے کرنے کا حکم

شیخ زید اسپتال‏ لاہور کو وفاق کےحوالے کرنے کا حکم
January 17, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) شیخ زید اسپتال‏ لاہور کو وفاق کے حوالے کرنے کا حکم دے دیاگیا۔ سپریم کورٹ نے شیخ زید اسپتال‏ لاہور وفاقی حکومت کے حوالے کردیا۔ عدالت نے کراچی کے 3 اسپتالوں اور نیشنل میوزیم کا انتظام بھی 90 روز میں وفاق کو منتقل کرنے کی ہدایت کی۔ اٹھارہویں ترمیم کے تحت ٹرسٹ کے اسپتالوں کو صوبوں کے حوالے کرنے سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس  پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثارکی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے کی ۔ بینچ نے اکثریتی فیصلہ جاری کیا جب کہ  جسٹس مقبول باقر نے فیصلے سے اختلاف کیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ شیخ زید اسپتال‏ کسی قانونی اقدام کے بغیر صوبے کے حوالے کیا گیا،اس معاملے میں 18 ہویں ترمیم کی غلط تشریح کی گئی ،وفاقی حکومت اسپتال بنانے اور چلانے کا اختیاررکھتی ہے فیصلے میں عدالت کا کہنا تھا کہ  یہ حق زندگی کا معاملہ ہے جو کسی کا بھی بنیادی حق ہے، کوئی بھی قانون شیخ زید اسپتال‏  کی وفاق کی واپس منتقلی سے نہیں روک سکتا۔ عدالت کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ جناح اسپتال، این آئی سی وی ڈی، نیشنل چائلڈ ہیلتھ اور نیشنل میوزیم صوبوں کو دیئے گئے تھے ۔ چاروں اسپتالوں اور میوزیم کا انتظام 90 روز میں صوبائی سے وفاقی حکومت کو منتقل کیا جائے۔ عدالت نے کہا کہ اگر 90 روز میں منتقلی نہ ہوسکے تو صوبہ وقت میں توسیع کی درخواست دے سکتا ہے، وفاقی حکومت متعلقہ اسپتالوں کے گزشتہ ایک سال کے اخراجات صوبوں کو ادا کرے۔ چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے عدالت برخاست کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ  وہ سب کے شکرگزار ہیں، یہ ان کا آخری کیس تھا، 20 سال سے زائد کا عرصہ اعلیٰ عدلیہ میں گزاراہے اور ہمیشہ کوشش کی کہ قانون اور ضابطے کے اندر رہتے ہوئےتمام  فیصلے دوں۔