Friday, April 26, 2024

شیخ رشید کے وزارت سنبھالنے کے بعد 86 ٹرین حادثات رونما ہوچکے

شیخ رشید کے وزارت سنبھالنے کے بعد 86 ٹرین حادثات رونما ہوچکے
October 31, 2019
لاہور (92 نیوز) شیخ رشید کے وزارت ریلوے سنبھالنے کے بعد اب تک 86 ٹرین حادثات پیش آچکے ہیں، ریل کی پٹڑیوں پرمہلک حادثات اور ریل گاڑیوں کے پٹڑی سے اترنے کے بڑھتے واقعات نے ریلوے انتظامیہ کے سر چکرا دیئے، حادثات کی وجہ سے ٹرینوں کے اوقات کا شیڈول بھی پٹڑی سے اتر گیا۔ بڑھتے ہوئے ٹرین حادثات محکمہ ریلوے کے محفوظ سفر کے دعوے بہا کر لے گئے، سکیورٹی اور چیکنگ کے ناقص انتظامات کے باعث آج رحیم یار خان میں المناک سانحہ پیش آیا جس میں 73 مسافر اپنی جانوں سے گئے۔ اس سے قبل صادق آباد میں اکبرایکسپریس مال گاڑی سے ٹکرا گئی جس کے باعث 12 افراد جاں بحق جبکہ 60 سے زائد زخمی ہوگئے، جبکہ حیدر آباد میں جناح ایکسپریس کی مال گاڑی سے ٹکر کے نتیجے میں بھی 3 جانوں کا ضیاع ہوا، متعدد زخمی ہوئے۔ ذرائع کے مطابق شیخ رشید کے دور وزارت میں ٹرینوں کے 86 حادثات پیش آچکے ہیں، چار دفعہ ٹرین کی پاور وین اور بوگیوں میں آگ لگنے کے واقعات رونما ہو چکے ہیں، 28 مسافر ٹرینیں اور 35 مال گاڑیاں پٹری سے اترنے کے حادثات کا شکار ہوئیں جبکہ انجن فیل ہونا بھی معمول بن گیا۔ ٹرینوں کا شیڈول پہلے ہی معمول پر نہیں تھا کہ ایک اور حادثہ پیش آ گیا جس کے باعث ٹرینیں گھنٹوں تاخیر کا شکار ہیں۔