Saturday, April 20, 2024

شیخ رشید کے وزارت سنبھالنے سے اب تک 79 ٹرین حادثات ہو چکے

شیخ رشید کے وزارت سنبھالنے سے اب تک 79 ٹرین حادثات ہو چکے
July 11, 2019
لاہور ( 92 نیوز ) شیخ رشید کے وزارت ریلوے سنبھالنے کے بعد اب تک 79 ٹرین  حادثات پیش آچکے ہیں،پٹڑیوں پر جان لیوا حادثات اور ریل گاڑیوں کے پٹڑی سے اترنے کے بڑھتے واقعات نے ریلوے انتظامیہ کو  چکرا کر رکھ دیا ، حادثات کی وجہ سے ٹرینوں کے اوقات کاشیڈول بھی پٹڑی سے اتر گیا۔ بڑھتے ہوئے ٹرین حادثات محکمہ  ریلوے کےمحفوظ سفرکے دعوے بہاکرلے گئے ، صادق آباد میں اکبرایکسپریس مال گاڑی سے ٹکراگئی جس سے بارہ افراد جاں بحق،ساٹھ سے زائد زخمی ہوگئے۔ کچھ روز پہلے حیدر آباد میں جناح ایکسپریس کی مال گاڑی سے ٹکرکے نتیجے میں بھی تین جانوں کاضیاع ہوا،متعددزخمی بھی ہوئے۔ ذرائع کے مطابق  صادق آباد میں اکبر ٹرین کو حادثہ انسانی غلطی کےباعث پیش آیا،ٹرین ڈرائیور کو گرین سگنل اور کانٹا لوپ لائن کا دیاگیا۔ جائے حادثہ کی جگہ سگنل سسٹم انٹل لاکنگ ہے۔ حیدر آباد میں جناح ایکسپریس کو حادثے کا سارا ملبہ مرنے والے ڈرائیورپر ڈال دیاگیاتھا ۔ ذرائع کے مطابق دسمبر سے جولائی  تک ٹرینوں کو 51 بڑے حادثات پیش آچکے ہیں،21 مسافر ٹرینیں اور 30 مال گاڑیاں حادثات کا شکار ہوئیں۔انجن فیل ہونے، سیلون، پاور وینز اور  بوگیوں میں آگ لگنے کے واقعات رپورٹ میں شامل نہیں۔ گزشتہ دسمبرمیں چار،اس سال جنوری میں پانچ،فروری میں چھ،مارچ میں ٹرینوں کی ڈی ریلمنٹ کے دس واقعات ہوئے ۔  اپریل میں چھ،مئی میں پانچ اور جون میں آٹھ ٹرینیں پٹڑی سے اُترگئیں ، رواں ماہ اب تک ڈی ریلمنٹ کے سات واقعات پیش آچکے ہیں۔ حیدر آباد حادثے کے تین ہفتے بعد بھی ٹرینوں کا شیڈول معمول پر نہیں آ سکاتھا  کہ صادق آباد میں ایک اورحادثہ پیش آگیا۔