Sunday, May 5, 2024

شیخ رشید کیخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت ، کمشنر اور ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کل ‏طلب ‏

شیخ رشید کیخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت ، کمشنر اور ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کل ‏طلب ‏
May 14, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز ) سپریم کورٹ میں  وزیر ریلوے شیخ رشید کیخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی، جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیے کہ کیا پنجاب حکومت قبضہ گروپ بن گئی ہے،راشد شفیق کوکہیں اپنی حدمیں رہے،عدالت نے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو کل طلب کرلیا۔ عدالتی حکم کے باوجود گرلز گائیڈ ادارے کی دیوار گرانے  کے توہین عدالت کے کیس میں  جسٹس اعجازالاحسن نے استفسار کیا کہ عدالتی حکم کے باوجود دیوار کیوں گرائی گئی، کیا اسپتال تک ہیلی کاپٹر کے علاوہ کوئی سواری نہیں جاتی؟،گرلزگائیڈ لڑکیوں کا ادارہ ہے، دیوار گرنے سے بچیوں کی سرگرمیاں رک گئیں۔   جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیئے کہ پنجاب حکومت گرلز گائیڈ کو تحفظ نہیں دے گی تو کسی اور کو کہیں گے،بہترہوگا بات وہاں تک نہ لے کر جائیں،عدالت کو اپنے حکم پر عملدرآمد کرانا آتا ہے۔ گرلز گائیڈ کی وکیل  عائشہ حامدنے عدالت کوبتایا کیا کہ ضلعی انتظامیہ کو عدالتی حکم سے آگاہ کیا گیا ،شیخ رشید نے ڈی سی کو فون پر کہا عدالتی حکم کی پرواہ نہیں،راشد شفیق نے خود موقع پر آ کر دیوار گروائی۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب  نے یقین دہانی کرائی کہ آج ہی دیوار کی تعمیر شروع کر دی جائے گی،عدالت نے کیس کی سماعت کل تک کےلیے ملتوی کردی ۔