Saturday, April 20, 2024

شیخ رشید کی کراچی سٹی ریلوے اسٹیشن آمد پر شہریوں کو مشکلات کا سامنا

شیخ رشید کی کراچی سٹی ریلوے اسٹیشن آمد پر شہریوں کو مشکلات کا سامنا
August 30, 2018
کراچی (92 نیوز) وزیر ریلوے شیخ رشید کراچی کے سٹی اسٹیشن پر اہم اجلاس کی صدارت کیلئے پہنچے تو دفتر کے دروازے شہریوں اور پنشنرز کیلئے بند کردیئے گئے۔ حکومت کی تبدیلی ایکسپریس کراچی پہنچ گئی ۔ اجلاس کی صدارت کیلئے وزیر ریلوے کی سٹی اسٹیشن آمد ہوئی تو عام شہریوں اورپنشنرز کیلئے زحمت بن گئی۔ محافظوں نے دفتر کا دروازہ بند کر دیا ۔ پولیس نے بزرگ شہریوں اور پنشنرز کو دفتر کے قریب بھی نہیں آنے دیا ۔ فٹ پاتھ پر بیٹھے بزرگوں کا بھی احترام نہ کیا ۔ ریلوے کے سابق ملازمین بے بس نظر آئے۔ شیخ رشید نے اجلاس کی صدارت کی  جس کے بعد وزیر ریلوے کا کہنا تھا سرکلر ریلوے کیلئے سندھ حکومت اور ایم کیوایم کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 75 سال کے بزرگ ریل کا سفر مفت کرینگے ، اسپیشل افراد کو پچیس فیصد رعایت ہو گی۔ وزیر ریلوے نے ٹرینوں کی معلومات کیلئے موبائل ایپ بھی متعارف کروانے کا اعلان  کر دیا اور کہا کہ ریلوے کو کرپشن فری اور خسارہ ختم کرینگے۔ وزیر ریلوے کی آمد کے باعث سٹی اسٹیشن پر رُلنے والے شہری اور پنشنرز کا کہنا تھا ایسی تبدیلی کا کیا فائدہ جس سے عوام کو ہی پریشانی کا سامنا کرنا پڑے۔