Thursday, May 9, 2024

شیخ رشید کی کراچی میں سندھ رینجرز ہیڈ کوارٹرز آمد ، امن وامان کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی

شیخ رشید کی کراچی میں سندھ رینجرز ہیڈ کوارٹرز آمد ، امن وامان کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی
May 27, 2021

کراچی (92 نیوز) وزیر داخلہ شیخ رشید کی کراچی میں سندھ رینجرز ہیڈ کوارٹرز آمد ہوئی جہاں ان کو امن وامان کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

وزیر داخلہ شیخ رشید کی ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل افتحار حسن چوہدری سے ملاقات ہوئی۔ رینجرز ہیڈ کوارٹر میں صوبے کی مجموعی امن و امان کی صورتحال پر وزیر داخلہ کو بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں سندھ میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے تجاویز پر غور کیا گیا۔

وزیر داخلہ نے ڈی جی رینجرز کی کراچی میں امن و امان کے حوالے سے اقدامات کی تعریف کی۔ بولے کراچی پاکستانی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، امن و امان یقینی بنائیں گے۔

 انہوں نے کہا وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت پرامن و امان کی صورت حال کا جائزہ لینے سندھ آیا ہوں۔ یہ بھی کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائیں گے۔ وفاق قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ضروری وسائل کی فراہمی یقینی بنائے گا۔

اس سے پہلے کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے سندھ میں گورنر راج کا امکان رد کر دیا۔ بولے سندھ میں کسی مشن پر نہیں آیا، جو مرادعلی شاہ کہیں گے وہ مدد کرینگے، پورے سندھ کو صاف کرینگے۔

وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر کراچی آئے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کراچی سمیت سندھ جل رہا ہے، ہیجان بپا ہے۔