Saturday, May 11, 2024

شیخ رشید کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ، شاہد خاقان عباسی بھی وائرس کا نشانہ بن گئے

شیخ رشید کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ، شاہد خاقان عباسی بھی وائرس کا نشانہ بن گئے
June 8, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز ) وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ، وزیر ریلوے کے پرائیویٹ سیکرٹری بھی کورونا میں مبتلا  ہو گئے جبکہ سابق وزیر اعظم شاہد کاقان عباسی  میں بھی وائرس کی تشخیص ہو گئی ۔

وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ، ذرائع کے مطابق شیخ رشید احمد اسلام آباد میں سرکاری رہائشگاہ پر  قرنطینہ ہو گئے ۔

شیخ رشید احمد نے این آئی ایچ سے ٹیسٹ کرایا تھا ،   این آئی ایچ حکام نے وزیر ریلوے کو فون پر کورونا پازیٹیو ہونے کا بتایا۔ وزیر ریلوے کی ٹیسٹ رپورٹ آنا ابھی باقی ہے۔

 وزیر ریلوے کے پرائیویٹ سیکریٹری محمد یوسف بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ، محمد یوسف کا کورونا ٹیسٹ بھی پازیٹیو آ گیا۔

ذرائع کے مطابق  وزیر ریلوے کے ساتھ موجود رہنے والے تمام افراد کا بھی کورونا ٹیسٹ نمونہ لے لیا گیا۔

صدر پاکستان عارف علوی، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی ،  گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وزیر ریلوے سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے خیریت دریافت کی اور جلد صحتیابی کیلئے دعا کی ۔

دوسری جانب ن لیگ کے رہنما شاہد خاقان عباسی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ، ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب کے مطابق شاہد خاقان عباسی نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی 3 جون کو شہباز شریف کی پیشی پر لاہور ہائیکورٹ بھی آئے تھے۔

شاہد خاقان عباسی نے ن لیگ کے متعدد رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کیں تھی، شہباز شریف کی پیشی کے دوران سماجی فاصلے کا خیال  نہیں رکھا گیا، شاہد خاقان عباسی نے احسن اقبال اور مریم اورنگ کے ہمراہ ماڈل میں پریس کانفرنس بھی کی تھی۔