Thursday, March 28, 2024

شیخ رشید کا بھارتی آبدوز کا پیشگی سراغ لگانے پر پاک بحریہ کو سلام

شیخ رشید کا بھارتی آبدوز کا پیشگی سراغ لگانے پر پاک بحریہ کو سلام
October 19, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بھارتی آبدوز کا پیشگی سراغ لگانے پر پاک بحریہ کو سلام پیش کیا۔

شیخ رشید نے کہا پاکستانی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کرتی بھارتی آبدوز کا سراغ لگانے پر پاک بحریہ کوسلام پیش کرتا ہوں۔ ملکی دفاع میں پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا پہلے ہی بہت معترف ہوں۔ رواں ماہ آبدوز “حمزہ” کے دورے سے پاک بحریہ کی صلاحیتوں پر میرا یقین مزید پختا ہو گیا ہے۔ بھارت شاید بھول بیٹھا تھا کہ پاک بحریہ بھی دیگر فورسز کی طرح ہمہ وقت مستعد اور چوکس ہے۔ دنیا بھارت کی پاکستان مخالف جارحیت کا نوٹس لے۔

شہباز شریف نے کہا ایک مرتبہ پھر پاک بحریہ نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت، ہوشیاری اور ارض پاک کی سمندری حدود کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہونے کی صلاحیت کا لوہا منوایا ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ پاکستان کی آرمی، فضائیہ اور بحریہ نے ارض وطن کے تحفظ کے لئے ہمیشہ شجاعت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے۔ قوم اپنی بحریہ کی پیشہ وارانہ تیاری اور چوکسی کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ غیر معمولی صلاحیت اور پیشہ وارانہ تیاری کا مظاہرہ کرنے والے افسران اور عملے کے لئےانعام اور اعزازات کا اعلان کیا جائے۔

بلاول بھٹو نے بھی بھارتی آبدوز کو مار بھگانے پر پاک نیوی کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا پاک بحریہ نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف دشمن کے عزائم کو ناکام کیا بلکہ انہیں بے نقاب بھی کیا۔ بھارت کی جانب سے پاکستانی سمندری حدود میں دخل اندازی کی مسلسل تیسری کوشش تشویش ناک ہے، عالمی برادری نوٹس لے۔ آبدوز کی دخل اندازی کے مسلسل واقعات سے بھارت کے جارحانہ عزائم کا پردہ چاک ہو چکا ہے۔ دنیا جان لے کہ جارحانہ عزائم کے خلاف ہر پاکستانی اپنے دشمن کے لئے ایک سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہے۔