Monday, May 13, 2024

شیخ رشید نے اپوزیشن کو ملکی سیاست کی بارودی سرنگیں قرار دے دیا

شیخ رشید نے اپوزیشن کو ملکی سیاست کی بارودی سرنگیں قرار دے دیا
February 14, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر داخلہ شیخ رشید نے اپوزیشن کو ملکی سیاست کی بارودی سرنگیں قرار دے دیا۔

 شیخ رشید نے سواں گارڈن میں تقریب سے خطاب میں کہا سینٹ انتخابات 3 مارچ کو ہو رہے ہیں۔ اپوزیشن جس اسمبلی کو گالی دیتی ہے اسی سے ووٹ مانگتی ہے۔ بکنے والے ووٹ بکتے ہیں، ہم بہت سوں کو کونسلر انتخابات میں مکہ مدینہ لیجاتے تھے۔موسم بدل گیا، پی ڈی ایم بھی اپنی سوچ بدل لے۔ قانون کے دائرے میں لانگ مارچ کیا تو کچھ نہیں کہیں گے۔

شیخ رشید نے کہا پی ڈی ایم قانون کے خلاف آئے تو پھر نہ کہنا کہ بتایا نہیں تھا۔ قانون کے احترام میں آنا ہے تو آئیں کیوں کے آپ نے واپس جانا ہے۔ آصف زرداری، بلاول بھٹو میری بات سمجھتے ہیں۔ بلاول بھٹو میرے دل کے بہت قریب ہے۔ قانون کے دائرے میں نہیں رہیں گے تو اسلام آباد، اسلام آباد بن جائے گا۔ قانون کے دائرے نہ رہے تو شیخ رشید آگے ہو گا۔ انہوں نے کہا سینیٹ کے الیکشن میں کسی کا ایک ووٹ زیادہ یا کم ہو گیا تو زیادہ تو کچھ نہیں ہو گا۔ شیخ رشید نے مولانا فضل الرحمن کو حلوہ کھلانے کی پیش کش واپس لے لی۔

وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے ملک کی صنعت بہتر ہو رہی ہے۔ پاکستان کافی حد تک کوویڈ سے نکل گیا ہے۔ کورونا سے نکلنے کا کریڈٹ عمران خان اور افواج پاکستان کو جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہاانڈیا کو پتہ ہے پاکستان کی سرحدوں پر آیا تو 20 کروڑ لوگ جان دینے سے دریغ نہیں کریں گے۔ آج ہندوستان کے مسلمانوں کو قائد اعظم کی بات یاد آرہی ہے۔