Thursday, April 25, 2024

شیخ رشید حد پار نہ کریں ورنہ مہنگا پڑیگا، رانا ثناء اللہ

شیخ رشید حد پار نہ کریں ورنہ مہنگا پڑیگا، رانا ثناء اللہ
October 6, 2020

لاہور ( 92 نیوز) رانا ثناء اللہ نے مریم نواز سے متعلق بیان بازی پر وزیر ریلوے کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ شیخ رشید حد پار نہ کریں ورنہ مہنگاپڑیگا۔

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر،رانا ثنااللہ اور دیگر رہنماؤں کی عبوری ضمانت میں 12 اکتوبر تک توسیع کردی،رانا ثنا اللہ نے شیخ رشید کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز سے متعلق بیان بازی سے باز رہو ورنہ اس کا انجام اچھا نہیں ہو گا۔

انسداد دہشت گردی عدالت میں کیپٹن ریٹائرڈ صفدر،رانا ثناء اللہ اور دیگر لیگی رہنماؤں کی عبوری درخواست ضمانت پر کیس کی سماعت ہوئی ، رانا ثنااللہ حاضری کے لئے عدالت میں پیش ہوئے جبکہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو میڈیکل بنیاد پر حاضری سے استثنیٰ مل گیا،میڈیکل بنیاد پر حاضری معافی کی درخواست ایڈووکیٹ فرہاد علی شاہ کی وساطت سے جمع کرائی گئی جو عدالت نے منظور کر لی۔

پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے وفاقی وزیر شیخ رشید کو آڑھے ہاتھوں لے لیا،انہوں تنبیہ کی کہ مریم نواز سے متعلق بیان بازی سے باز رہو ورنہ اس کا انجام اچھا نہیں ہو گا۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ نیب کے ذریعے انتقامی کارروائیاں کی جا رہی ہیں حکومت نے سیاسی رواداری ختم کر دی ہے ،یہ بتائیں اڑھائی سال میں کیا کیا،جلسوں کے صرف اعلان سے ہی حکومت کے ہاتھ پاؤں پھُول گئےہیں۔