Friday, May 10, 2024

شیخ رشید اور مراد علی شاہ کی ملاقات ، امن وامان کے قیام کے لیے اکٹھے کام کرنے کا عزم

شیخ رشید اور مراد علی شاہ کی ملاقات ، امن وامان کے قیام کے لیے اکٹھے کام کرنے کا عزم
May 27, 2021

کراچی (92 نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید اور وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں امن وامان کے قیام کے لیے اکٹھے کام کرنے کا عزم کیا گیا۔

وزیراعلی ہاوس میں ہونے والی ملاقات میں کچے کے علاقے میں ڈاکووں کےخلاف آپریشن پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعلی سندھ نے بتایا کہ پورا سندھ گڈو سے کوٹری بیراج تک کچا ہے۔ پانچ سے چھ کلو میٹر گھنا جنگل ہے۔ تیئس مئی کو پولیس نے آٹھ مغویوں کو بازیاب کروانے کے لئے شکار پور میں آپریشن کیا۔ اپی سی سی خراب ہونے پر ڈاکووں نے حملہ کیا اور دو اہلکاروں کو شہید کیا۔

مراد علی شاہ نے شیخ رشید سے کہا کہ آپ وفاقی وزیر داخلہ ہیں۔ جب چاہیں آجائیں ہم ملکر کام کریں گے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ صوبے میں امن وامان کی ذمہ داری سندھ حکومت کی ہے۔ ہم مدد کرنے کے لئے تیار ہیں۔ کسی بھی چیز کی ضرورت پڑے گی تو وزارت داخلہ مہیا کرے گی۔ رینجرز بھی مدد کے لئے حاضر ہے۔ جب چاہے سندھ حکومت کچے میں آپریشن کے لئے خدمات لے سکتی ہے۔

 مراد علی شاہ نے کہا کچھ حساس سازوسامان چاہئے، انکا بندوبست سندھ حکومت کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جلد کچے کے ایریا کو ڈاکؤوں سے صفایا کر دیں گے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ڈاکوؤں کے خلاف دہشتگردی کے کیسز درج کرائے جائیں۔