Sunday, May 12, 2024

شیخ خلیفہ بن زید اسپتال کے عملہ صفائی کی مستقلی کالعدم قرار

شیخ خلیفہ بن زید اسپتال کے عملہ صفائی کی مستقلی کالعدم قرار
September 25, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) سپریم کورٹ نے شیخ خلیفہ بن زید  اسپتال کے عملہ صفائی کے ملازمین  کی مستقلی کا حکم کالعدم قرار دے دیا، بلوچستان ہائی کورٹ کو دوبارہ جائزہ لینے کی ہدایت بھی دیدی ،  جسٹس گلزار نے ریمارکس دئیے کہ ملک کے تمام ادارے خراب ہو چکے ہیں  ، پورے ملک کا نظام ایڈہاک ازم پر چل رہا ہے۔ جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے شیخ خلیفہ بن زید اسپتال کے عملہ صفائی کی مستقلی کیس کی سماعت کی ، جسٹس گلزار احمد دوران سماعت برس پڑے ۔ جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس میں کہا کہ جہاں دس آدمیوں کی ضرورت ہو وہاں پانچ سو بھرتی کر لیے جاتے ہیں ،  جہاں پانچ سو ملازمین  کی  ضرورت ہو وہاں دو بھی نہیں ہوتے ۔ جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس میں کہا کہ ملازمین کی بھرتیوں کا طریقہ کار ہماری سمجھ سے بالاتر ہے، ملک کے تمام ادارے خراب ہو چکے ہیں، پورے ملک کا نظام ایڈہاک ازم پر چل رہا ہے ، سیاسی بھرتیوں سے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ کہ کابینہ سے سیاسی بھرتیوں کی توثیق بھی کروالی جاتی ہے ، سیاسی بھرتیوں کی منظوریوں نے ہمیں مشکل میں ڈال رکھا ہے۔ عدالت نے ملازمین کی مستقلی کا حکم کالعدم قرار دیتے ہوئے بلوچستان ہائی کورٹ کو دوبارہ جائزہ لینے کا حکم دے دیا۔